وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن طفیل انجم کا چکدرہ اور دیر لوئر کا ایک روزہ دورہ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن طفیل انجم نے کہا ہے کہ صوبے میں فنی تعلیم کے فروغ کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے،انہوں نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ پسماندہ علاقوں میں فنی تعلیم کے فروغ اور ڈیجیٹائز یشن پر خصوصی توجہ دی جائے جسکی بدولت نوجوان فنی تعلیم سے آراستہ ہوں اور وہ خود اپنے لئے روزگار شروع کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ پولی ٹیکنیک انسٹیٹیوٹ لوئر دیر اور گورنمنٹ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ سنٹر چکدرہ کے ایک روزہ دورہ کے موقع پر کیا۔ دورہ کے موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر ٹیوٹا قیصر منصور ودیگر متعلقہ حکام بھی معاون خصوصی کے ہمراہ تھے۔ اس دوران معاون خصوصی برائے فنی تعلیم طفیل انجم نے جی پی آئی، جی ٹی وی سی چکدرہ اور دیر لوئر کا معائنہ کیا اور فنی تعلیم سے جوڑے مسائل پرنہ صرف تبادلہ خیال کیا بلکہ مسائل کے دیرپا حل کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں ٹیکنکل ایجوکیشن کو فروغ دینا وقت کی اشد ضرورت ہے جس کے لئے ٹیکنکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ سنٹرز کو ہر قسم کی سہولیات سے آراستہ کرنے کے لئے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ صوبے کے کونے کونے میں فنی تعلیم کو عام کر سکیں تاکہ یہاں کے نوجوانوں کو روزگار فراہم ہو اور صوبہ ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن ہوسکے۔

مزید پڑھیں