خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اسلام آباد میں

خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اسلام آباد میں ہدیۃ الہادی کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے پلوامہ حملے جیسے من گھڑت واقعے کو جواز بنا کر پاکستان کے خلاف جارحیت کی، جو نہ صرف بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی تھی بلکہ اس سے پورے خطے کے امن کو بھی شدید خطرات لاحق ہوئے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا بیانیہ خود ان ہی کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات نے جھوٹا ثابت کر دیا، جو پاکستان کو ایک غیر ذمہ دار ریاست قرار دینے کی ناکام کوشش کرتے رہے۔ اس کے برعکس، پاکستان نے ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہونے کے ناطے نہایت ضبط و تحمل کا مظاہرہ کیا اور عالمی برادری کے سامنے اپنا مثبت اور اصولی کردار پیش کیا۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے انکشاف کیا کہ بھارت نے نہ صرف اقوام متحدہ کے چارٹر بلکہ جنیوا کنونشن کی بھی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے عام شہریوں اور سول تنصیبات کو نشانہ بنایا، جن میں مظفرآباد، بہاولپور اور آزاد کشمیر کے علاقے شامل ہیں۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر ختم کرنے کے اعلان کو بھی عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اور زور دیا کہ پاکستان کو اس اقدام کے خلاف عالمی فورمز پر بھرپور قانونی اور سفارتی جدوجہد کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر پر دعویٰ بے بنیاد ہے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش اس حقیقت کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف ہے کہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور اس پر بھارت کا قبضہ غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی اس اعترافی تقریر کا بھی حوالہ دیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ جنگ روکی گئی ہے، ختم نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان نے اس نازک صورتحال میں تدبر، جرات اور قومی اتحاد کے ذریعے کامیابی حاصل کی، اور پوری قوم نے اللہ کے حضور شکرانے کے سجدے ادا کیے۔آخر میں، بیرسٹر سیف نے آل پارٹیز کانفرنس کے منتظم سید پیر ہارون گیلانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس کے ذریعے تمام سیاسی جماعتوں نے دنیا کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستانی قوم ملکی سلامتی، خودمختاری اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر متحد ہے۔

مزید پڑھیں