ہمیں اپنے ملک پاکستان کو اپنی جان سے بڑھ کرروح اورعقیدے کا حصہ بنانا ہوگا۔صوبائی وزیر قانون

ملک کے دوسرے حصوں کی طرح پورے کوہاٹ ڈویژن میں بھی 77 واں جشن آزادی قومی جوش وجذبے کے ساتھ شایان شان طریقے سے اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایا گیا کہ ملک خداداد کو عظیم سے عظیم تربنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔کوہاٹ ڈویژن کی جشن آزادی کی بڑی تقریب کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ کونسل ہال کوہاٹ میں منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم آفریدی، سابق وفاقی وزیر داخلہ شہریار آفریدی ایم این اے، چیئر مین ڈیڈاک کوہاٹ شفیع جان ایم پی اے، داؤد شاہ آفریدی ایم پی اے،چیئرمین تحصیل لاچی احسان خان،ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدلاکرم چترالی،ڈی پی او کوہاٹ عمر خان، ضلعی انتظامیہ کے افسران،قومی تعمیر نومحکموں کے حکام،سکولوں کے بچوں اورمختلف مکتبہ فکرکے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔قبل ازیں ڈسٹرکٹ کونسل کے لان میں پرچم کشائی کی گئی،کیک کاٹا گیا اورمہمانوں نے مون سون شجرکاری کے تحت پودے بھی لگائے۔مقررین نے اپنے خطا ب میں کہا کہ ہمارے اسلاف نے پاکستان کی حصول کیلئے بیش بہاں قربانیا دیں جس کا مقصد زمین کاایک ٹکڑاحاصل کرنا نہیں تھا بلکہ اس کا بنیادی مقصد آزاد مملکت کا قیام تھاجہاں اللہ تعالیٰ کی حاکمیت، قانون اور انصاف کی حکمرانی،آئین کی بالادستی اورطاقت ور اورکمزور سب کیلئے ایک ہی قانون تھا۔مقررین نے کہا کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے اورآزادی کی قدر لوگ جانتے ہیں جو اس نعمت سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک کواپنے جان سے بڑھ کرروح اورعقیدے کا حصہ بنانا اور نئی نسل میں اپنے ملک کے ساتھ حب لوطنی کا جذبہ پیدا کرناہوگا۔ قبل ازیں سکول کے بچوں نے آزادی کی اہمیت پرتقاریرکرنے کے علاوہ ملی نغمے اورٹیبلو پیش کئے جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔

مزید پڑھیں