شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے محکمانہ امور کی ڈیجیٹلائزیشن کے منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے، وزیر خوراک کی متعلقہ حکام کو ہدایت
خیبرپختونخوا کے وزیر برائے خوراک ظاہر شاہ طورو کی زیر صدارت محکمہ خوراک کے ضلعی امور کے حوالے اجلاس گزشتہ روز پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ خوراک ثاقب رضا اسلم، ایڈیشنل سیکرٹری اشفاق احمد، ڈائریکٹر محکمہ خوراک مسرت زمان سمیت دیگر ضلعی افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبائی وزیر کو ضلعی سطح پر محکمانہ امور پر تفصیل سے آگاہ کیا گیا صوبائی وزیر نے اس موقع پر ہدایات جاری کیں کہ ضلعی دفاتر کے لیے ضروری آلات، جیسے موسچر میٹر، تھرمامیٹر اور چھوٹے وزن کانٹے کا فوری انتظام کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ خوراک میں ڈیجیٹلائزیشن کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ نہ صرف کارکردگی میں بہتری آئے بلکہ شفافیت کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔صوبائی وزیر نے محکمہ خوراک کی ذخیرہ شدہ گندم کی حفاظت اور دیکھ بھال کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کیں۔ مزید برآں، انہوں نے ضروری اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے محکمہ کی کوششوں کو سراہا اور مارکیٹ انسپکشن کے عمل کو مزید موثر اور تیز کرنے کا حکم دیا۔اجلاس کے دوران صوبائی وزیر نے ضلعی افسران کے مسائل سے بھی آگاہی حاصل کی اور موقع پر ان کے حل کے لیے احکامات جاری کیے۔ ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ محکمے کی کارکردگی جانچنے کے لیے ہر ماہ اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔