خیبر پختونخوا کا بجٹ 2025-26 عوام دوست اور سرپلس ہے: سید قاسم علی شاہ
خیبر پختونخوا کے وزیر سماجی بہبود، عشر و زکوٰۃ اور خصوصی تعلیم، سید قاسم علی شاہ نے صوبائی بجٹ 2025-26 کو عوام دوست اور سرپلس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بجٹ میں عام آدمی کو سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک متوازن اور ترقیاتی بجٹ ہے جس میں تمام شعبہ جات کی بہتری کے لیے جامع اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاری ہونے والے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ زکوٰۃ، عشر، سماجی بہبود اور خصوصی تعلیم کے لیے مختص بجٹ میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ گذشتہ سال اس مد میں 8 ارب روپے رکھے گئے تھے جبکہ رواں سال اس میں 135 فیصد اضافہ کرتے ہوئے 19.11 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔خصوصی بچوں کے لیے بھی حکومت نے بڑے منصوبے ترتیب دیے ہیں۔ ایک اہم منصوبے کے تحت 1.2 ارب روپے کی لاگت سے ڈویژن سطح پر آٹزم سے متاثرہ بچوں کے لیے مراکز قائم کیے جائیں گے۔ اسی طرح بے سہارا اور نادار بچوں کی نگہداشت و تربیت کے لیے ادارہ ”زمونگ کور” کے پانچ نئے کیمپس قائم کیے جا رہے ہیں، جن کے لیے 600 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔علاوہ ازیں شمالی وزیرستان اور باجوڑ کے علاقوں میں مستحق اور بے سہارا افراد کو عارضی رہائش کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پناہ گاہوں کے قیام کا منصوبہ بھی بجٹ میں شامل کیا گیا ہے۔صوبائی وزیرنے کہا کہ یہ تمام اقدامات صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود اور محروم طبقات کی بحالی کے لیے حکومت کے عزم کا مظہر ہیں۔