لیاقت میموریل ہسپتال کوہاٹ کی زیرتعمیر عمارت پر عنقریب دوبارہ کام شروع کردیا جائے گا۔صوبائی وزیر قانون

خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم آفریدی ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ لیاقت میموریل ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال کوہاٹ کی زیر تعمیر عمارت پر عنقریب دوبارہ کام شروع کردیا جائے گا جس کیلئے پہلے ہی پی ڈی ڈبلیو پی میں 2 ارب 44 کروڑ روپے سے زیادہ کا نظرثانی شدہ تخمینہ منظور ہواہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل زیارت شیخ اللہ داد کے دورہ کے موقع پر مقامی لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر انہوں نے حال ہی میں ٹریفک حادثہ میں تبلیغی جماعت کے جان بحق افراد کے خاندانوں سے تعزیت کی اور مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی۔وزیر قانون نے کہا کہ مذکورہ ہسپتال کیلئے امسال اپریل میں 1 ارب روپے کا ٹینڈر ہو چکا ہے جس میں سے 20 کروڑ روپے کی رقم ریلیز بھی ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ لیاقت میموریل ہسپتال میں جدید طبی آلات اور سہولیات فراہم کی جائیں گی اور کوہاٹ میں مقامی سطح پر خواتین اور بچوں کو بہترین طبی سہولیات مہیا ہوں گی۔آفتاب عالم نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی آمین گنڈہ پور کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے لیاقت میموریل ہسپتال کے کئی سالوں سے زیر التوا عمارت کیلئے مطلوبہ فنڈز فراہم کئے۔اہلیان کوہاٹ نے مذکورہ ہسپتال کیلئے فنڈز کی فراہمی کیلئے مشترکہ کوششوں پر شہریار آفریدی ایم این اے وزیر قانون آفتاب عالم ایڈووکیٹ، چیئرمین ڈیڈاک شفیع جان ایم پی اے اور داؤد شاہ آفریدی ایم پی اے کا شکریہ ادا کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ کوہاٹ کیلئے مزید میگا پراجیکٹس لائیں گے۔

مزید پڑھیں