وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ مصدق عباسی نے کہا ہے کہ ضلع نوشہرہ میں دریا کے کنارے سونا نکالنے کے لیے چار بلاکس کی کامیابی سے نیلامی کردی گئی ہے اوراس سے چار ارب روپے سے زائد آمدن ہوگی اور بہت جلد مزید بلاکس کو نیلامی کیلئے پیش کیا جائے گا جس سے اربوں روپے کی مزید آمدن متوقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دریا سندھ کے کنارے سونا تلاش کرنے ا ور نکالنے کے تقریبا 17 بلاکس ہیں۔ ان بلاکس کی کان کنی کی نیلامی کی تین بار کوشش کی گئی مگر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ نیلامی میں ناکامی کی وجوہات معلوم کی گئیں تو پتہ چلا کہ سونا تلاش کرنے والی کمپنیز کو تحفظات تھے اوران کے لئے سب سے بڑی وجہ یہ تھی کہ یہاں پر مافیا کی دلچسپی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں غیر قانونی مشینیں لگی ہوئی تھیں۔ اس میں کچھ غیر ملکی بھی شامل تھے جس سے کمپنیوں کو اندیشہ تھا کہ ان کا پیسہ ضائع ہو جائے گا۔ مصدق عباسی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ہمیشہ مافیا کے خلاف سرگرمِ عمل ہیں انکے ویژن کے مطابق اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی ہدایات پر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے ضلع نوشہرہ ا ور کوہاٹ کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی مدد سے ان علاقوں میں گرینڈ آپریشن کیا۔ جس میں میں تقریبا دو سو سے زائد مشینوں کو قبضے میں لیا گیا اور ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی مصدق عباسی نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے سونا نکالنے کے لیے چار بلاکس کو کھلی نیلامی کیلئے پیش کیا ہے۔ انہوں نے یہ یقین دہانی کرائی کہ جن جن کمپنیوں کو ٹھیکے ملیں گے انکو پورا تحفظ فراہم کیا جائے گااور ان کے کام کے دوران کسی قسم کی دخل اندازی برداشت نہیں کرینگے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ جو نیلامی ہوگی اس سے باقی کمپنیاں فائدہ اٹھائیں گی اور صوبے میں اس وقت پی ٹی آئی کی حکومت ہے اور مافیا کی جرات اور ہمت نہیں ہوگی کہ وہ اس کام میں خلل ڈالے اور اگر کسی معاملے میں کسی قسم کی کمپنیوں کو مدد کی ضرورت ہو تو اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کا دفتر اور میں خود موجود ہوں۔ براہ راست مجھ سے رابطہ قائم کیا جا سکتا ہے اورہر قسم کے شکایت کا انشائاللہ ازالہ کیا جائے گا۔