صوبائی وزیر قانون کا ڈھوڈہ شریف کوہاٹ میں جاری ترقیاتی کاموں کا دورہ

خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم آفریدی ایڈوکیٹ نے عمائدین علاقہ اور پارٹی کی مقامی قیادت کے ہمراہ اپنے حلقہ نیابت کے علاقہ ڈھوڈہ شریف کوہاٹ کا دورہ کیاجہاں انہوں نے دوسرے ترقیاتی کاموں کے علاوہ وہاں روڈ پر جاری کام کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ کئے بغیر تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ واضح رہے کہ ڈھوڈہ روڈ گزشتہ 30 سالوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی۔وزیر قانون نے اپنی انتخابی مہم کے دوران عمائدین علاقہ سے مذکورہ روڈ کی تعمیر کا وعدہ کیا تھا جسے آج ایفا کیا گیا۔اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے کوہاٹ میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھانے پر تیزی سے کام شروع کردیا ہے اور انشاء اللہ جہاں جہاں بھی کام کی اشد ضرورت ہوگی، ہماری پوری کوشش ہوگی کہ وہاں پر ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے۔ آفتاب عالم نے کہا کہ ماضی کے برعکس اب عوامی مفاد کے فیصلے بند کمروں اور ذاتی پسند و ناپسند کی بجائے عوام کی کھلی عدالت میں ہوں گے اور ہر علاقے کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی لائحہ عمل طے کریں گے۔وزیر قانون نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر چیک رکھنے کیلئے مقامی کمیٹیوں کو فعال کردیا گیا ہے اور انہیں واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ جہاں کہیں کام میں کوئی کمی یا کرپشن نظر آئے تو فوراً ان کے نوٹس میں لایا جائے تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کمیشن اور کرپشن کیلئے ہماری طرف سے زیرو ٹالرنس ہے جو بھی اس میں ملوث پایا گیا اس کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔

مزید پڑھیں