صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی کا ایٹا کے زیر اہتمام کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ سینٹر کا دورہ

صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے فوڈ سیکیورٹی سپورٹ پراجیکٹ خیبرپختونخوا کے مختلف عہدوں کے لیے منعقدہ کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایویلیوایشن ایجنسی (ایٹا) کے زیر اہتمام ٹیسٹ سینٹر کا دورہ کیا۔ یہ ٹیسٹ انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز پشاور میں منعقد کیا گیا۔ یہ ایٹا کی جانب سے منعقد ہونے والا چوتھا کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ تھا، جس میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔ایٹا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عادل سعید صافی نے صوبائی وزیر کو کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹنگ سسٹم کی افادیت، طریقہ کار اور اس کے مثبت اثرات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر نے ایٹا کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹنگ سسٹم خیبرپختونخوا میں شفافیت کے فروغ کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نظام نقل اور دیگر غیر قانونی طریقوں کی روک تھام کے ساتھ ساتھ نتائج کے بروقت اعلان کو ممکن بناتا ہے۔ ماضی میں امیدواروں کو نتائج کے لیے ہفتوں یا مہینوں تک انتظار کرنا پڑتا تھا، لیکن کمپیوٹر بیسڈ سسٹم کی بدولت اب امیدوار ٹیسٹ کے فوراً بعد نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔
صوبائی وزیر مینا خان نے مزید کہا کہ ایٹا نے خیبرپختونخوا میں تعلیمی اور پیشہ ورانہ ٹیسٹنگ کے میدان میں نہ صرف رہنما کردار ادا کیا ہے بلکہ دیگر اداروں کے لیے بھی ایک قابل تقلید مثال قائم کی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ بانی تحریک انصاف عمران خان کے وژن کے مطابق اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی قیادت میں شفافیت اور میرٹ کا فروغ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ایٹا اس وژن کے تحت جدیدیت کی جانب کامیاب قدم اٹھا رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ایٹا مستقبل میں مزید انقلابی اقدامات کرے گا اور امتحان و قابلیت کو جانچنے کے نظام کو مزید مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔ ایٹا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عادل سعید صافی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ایٹا ملک کی پہلی ٹیسٹنگ ایجنسی ہے جس نے کمپیوٹر بیسڈ امتحانات کے نفاذ کو کامیابی سے یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف امیدواروں کے اعتماد میں اضافہ کرتا ہے بلکہ وقت اور وسائل کی بھی بچت کرتا ہے۔ ایٹا مستقبل میں مزید جدید ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحات متعارف کرانے کے لیے پرعزم ہے۔
صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی کے مطابق ایٹا کا کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹنگ نظام خیبرپختونخوا میں شفافیت اور میرٹ کے قیام میں انقلاب برپا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نظام نہ صرف امتحانی عمل کو جدید خطوط پر استوار کرتا ہے بلکہ نقل اور بے ضابطگیوں کے مکمل خاتمے کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایٹا کی یہ کاوش ایک مثالی اقدام ہے جو پورے ملک کے اداروں کے لیے ایک رول ماڈل کے طور پر کام کر سکتی ہے۔عادل صافی نے مزید بتایا کہ فوڈ سیکیورٹی سپورٹ پراجیکٹ کے لئے کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ میں مختلف آسامیوں پر بھرتی کے لئے کل 412 امیدواروں نے رجسٹریشن کی تھی جس میں 139امیداوار غیرحاضر رہے جبکہ 273حاضر امیداواروں میں ٹوٹل 59 امیدواروں نے ٹیسٹ پاس کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اعداد و شمار کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹنگ کے نظام کی شفافیت اور بروقت نتائج کی دستیابی کا ثبوت ہیں، جو امیدواروں اور متعلقہ اداروں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔ یاررہے کہ گزشتہ دنوں ایٹا نے پولیس لوئر کے 1056 امیدواروں کے ٹیسٹ کے ساتھ ساتھ ڈبلیو ایس ایس پی میں بھرتیوں کی مختلف آسیامیوں کے لئے کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ کا کامیابی کے ساتھ انعقاد کرایا۔

مزید پڑھیں