صوبائی وزیر زرزعت کاکرک کے امن کیلئے اپنی ذات ورپارٹی سیاست سے بالاتر ہوکر متحدرہنے کا عزم

خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت میجر (ر) محمد سجاد بارکوال نے کہا ہے کہ قومی یکجہتی ہی سے ضلع میں امن ممکن ہے لہذا کسی کو بھی کرک کا امن خراب نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن کے لحاظ سے صوبے کا سب سے پرامن ضلع ہے اور یہاں کے لوگ بھی سب سے بڑھ کر پرامن اور امن سے محبت کرنے والے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز ضلع کرک میں قومی سطح پر منعقدہ امن پاسون سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔امن پاسون سے شاہد خان خٹک ایم این اے، سابق سینیٹر مشتاق احمد، چیئرمین ڈیڈاک کرک خورشید خٹک ایم پی اے، سابق اراکین اسمبلی اور چیدہ چیدہ قومی مشران نے بھی خطاب کیا۔امن پاسون میں اختیارات سی ٹی ڈی کو دینے، مغوی افراد کو جلد از جلد بازیاب کرانے اور کرک کے پرامن ماحول کو خراب ہونے سے بچانے کے مطالبات کئے گئے۔وزیر زراعت نے کہا کہ امن ہم سب کی ضرورت ہے اور امن کیلئے اپنی ذات اورپارٹی سیاست سے بالاتر ہوکر متحد رہیں گے اور امن دشمنوں کے ساتھ سب ملکر نمٹیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی سرزمین اور اس کے عوام مزید بدامنی کے متحمل نہیں ہوسکتے۔کرک کے امن کا ذکر کرتے ہوئے سجاد بارکوال نے کہا کہ خٹک قبیلہ نے ہرمعاملے میں ہمیشہ کیلئے ریاست کو سپورٹ کیا ہے لہذا یہاں کے عوام کو تحفظ دینا ریاست کی ذمہ داری ہے۔وزیر موصوف نے امن پاسون کی انتظامی کمیٹی کے فیصلوں کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ امن کیلئے ہم سب ایک ہیں اور کوئی ہمیں اس اہم کازپر ایک دوسرے سے الگ نہیں کر سکتا۔وزیر زراعت نے کرک کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو موجودہ صورتحال سے ہرگز غافل نہیں ہونا چاہیے ورنہ تباہی ہماری منزل ہوگی۔ہم سب نے آج امن دشمن قوتوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ ہم غافل قوم نہیں بلکہ امن کیلئے کسی بھی حد تک جانے کیلئے تیار ہیں۔

مزید پڑھیں