وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات مصورخان نے اتوار کے روزکہنیا پلانٹیشن، گدرپور فاریسٹ رینج، اگروڑ تناول فاریسٹ ڈویژن مانسہرہ کا دورہ کیا۔ یہ دورہ بہار شجرکاری مہم 2025 کے تحت منعقد کیا گیا تاکہ جنگلات کے فروغ اور ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔دورے کے موقع پر چیف کنزرویٹر ہزارہ کفایت اللہ بلوچ، کنزرویٹر اپر ہزارہ فرخ سیر، کنزرویٹر لوئر ہزارہ فرہاد علی، پرنسپل گورنمنٹ تھائی سکول طارق علی شاہ، ڈی ایف او اگروڑ تناول فاریسٹ ڈویژن امان اللہ خان، ڈی ایف او سیران جواد ممتاز اور ڈی ایف او پیٹرول سکواڈ سعید انور شامل تھے۔معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات مصورخان نے چیڑھ کا پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا اور فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے شجرکاری کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے اور ماحولیاتی بہتری میں مددگار ثابت ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ درخت لگانا صرف زمین کو سرسبز بنانا نہیں بلکہ ہماری آنے والی نسلوں کا تحفظ بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے۔یہ ماحول کوخوبصوت بناتے ہیں ‘ آب و ہوا کو صاف رکھتے ہیں بلکہ انسانوں کے علاوہ پرند’ چرند اور جانوروں کے لیے خوراک کا باعث بھی بنتے ہیں۔ فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کی جنگلاتی تحفظ اور بحالی کے لیے کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ ہر شہری کو اس نیک مقصد میں اپنا حصہ ڈالنا چاہئیے۔”انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے لیے پرعزم ہے۔