رکن صوبائی اسمبلی و چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ ملک عدیل اقبال کی زیر صدارت صوبائی اسمبلی سیکریٹریٹ میں قائمہ کمیٹی کا ابتدائی اور تعارفی اجلاس منعقد ہوا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں ارکان صوبائی اسمبلی اور محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے افسران سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ سیکرٹری محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ ارشد خان نے محکمہ کے حوالے سے کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی۔ سیکرٹری محکمہ اطلاعات ارشد خان نے درپیش مسائل خاص طور پر بجٹ کے حوالے سے کمیٹی کو آگاہ کیا اور ساتھ اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل قریب میں روایتی میڈیا کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل میڈیا سے بھرپور استفادہ کرنے کے لئے ڈیجیٹل میڈیا ڈائریکٹوریٹ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے تاکہ سوشل میڈیا پر صوبائی حکومت کی فلاحی منصوبوں کو بہترین انداز میں عوام تک پہنچایا جاسکے۔اس موقع پر مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے محکمہ اطلاعات کے ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی زر علی نے محکمہ اطلاعات میں اٹھائے گئے مختلف اقدامات کا خصوصی خلاصہ پیش کیا اور محکمہ میں شفافیت اور نظم و ضبط کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے قائمہ کمیٹی کو آگاہ کیا. چیئرمین قائمہ کمیٹی ملک عدیل اقبال نے صوبائی اسمبلی اور قائمہ کمیٹیوں کے اجلاسوں کی میڈیا میں مؤثر کوریج پر زور دیا اور اس موقع پر یہ تجویز پیش کی گئی کہ صوبائی اسمبلی میں محکمہ اطلاعات کا خصوصی ڈیسک قائم کرنے پر غور کیا جائے، اجلاس میں صوبائی حکومت کے عوام دوست منصوبوں کی موثر تشہیر کرنے کے لئے لائحہ عمل بنانے پر تفصیلی گفتگو کی گئی، چیئرمین قائمہ کمیٹی نے محکمہ کو فنڈ کے حوالے سے درپیش مسائل فوری طور پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اجلاس کے آخر میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ ملک عدیل اقبال نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔