خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک کی زیر صدارت صوبائی کمیٹی برائے خوراک کا اجلاس

خیبرپختونخوا کے وزیر برائے خوراک ظاہر شاہ طورو کی زیر صدارت صوبائی کمیٹی برائے خوراک کا اجلاس پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ خوراک ثاقب رضا اسلم، ایڈیشنل سیکرٹری اشفاق احمد، ڈائریکٹر فوڈ مسرت زمان، محکمہ قانون اور خزانہ کے محکموں کے افسران سمیت متعلقہ کمیٹی کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران چترال اپر میں گندم ٹرانسپورٹیشن چارجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر کمیٹی نے ٹرانسپورٹیشن چارجز میں 15 فیصد اضافی کی منظوری دی اور جن سٹیشنوں میں گندم کا ریٹ ٹرانسپورٹیشن چارجز میں اضافے سے متجاوز تھا اسے کمیٹی نے مسترد کردیا اسکے ساتھ چترال اپر کے دور درازسٹیشنز مستوج، او ویر،صنوغر اور بروغل کے لیے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کی درخواست پر صوبائی کمیٹی نے گندم کی ٹرانسپورٹیشن کی اصولی منظوری بھی دی۔ اجلاس کو صوبے میں گندم کے سٹاک کی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گندم کی وافر مقدار موجود ہے اور کمی کا کوئی خدشہ نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے گندم اور آٹے کی قیمت کو مستحکم رکھنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ گندم کی ترسیل اور ذخیرہ اندوزی کے عمل کو مزید شفاف اور منظم بنایا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ اجلاس میں دیگر اہم امور پر بھی غور کیا گیا۔

مزید پڑھیں