وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت عبدالکریم تورڈھیر نے ہدایت کی ہے کہ سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ کے تحت صوبے میں چھوٹی صنعتوں کی ترقی و فروغ کیلئے انڈسٹریل اسٹیٹس میں سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں پر کام میں تیزی لائی جائے جبکہ نئی مجوزہ بستیوں کے جلد از جلد قیام کیلئے بھی درکار مراحل کو طے کرنے کیلئے اپنی کوششیں تیز کی جائیں۔اس حوالے سے معاون خصوصی نے پیر کے روز محکمہ صنعت کے کمیٹی روم میں سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ کی کارکردگی کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر حبیب اللہ عارف،ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نعمان فیاض سمیت ڈپٹی سیکریٹری صنعت اعزاز اللہ و دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بورڈ کی پیشہ ورانہ کارکردگی کا عمومی جائزہ لیا گیا اور اس حوالے سے دئیے گئیے اہداف کو حاصل کرنے کے حوالے سے معاون خصوصی کو پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں معاون خصوصی کو بتایا گیا کہ بورڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے گا جبکہ مختلف صنعتی بستیوں میں بجلی کے حوالے سے درپیش مسائل کے ازالے کیلئے پیسکو کیساتھ ایک میٹنگ بھی عنقریب منعقد کی جائے گی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ باجوڑ انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے سلسلے میں تفصیلی ڈیزائن کی تیاری ممکنہ طور پر فروری کے آخر تک مکمل کی جائیگی جبکہ معاون خصوصی کو صوبہ بھر میں دیگر صنعتی بستیوں کے حوالے سے درپیش مسائل کے حل کے سلسلے میں بھی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔بورڈ حکام نے بتایا کہ نئی بستیوں کے قیام کیلئے لینڈ شیرنگ ماڈل کے ڈرافٹ کی تیاری بھی کی جارہی ہے۔اس موقع پر معاون خصوصی نے ایبٹ آباد 2 انڈسٹریل اسٹیٹ میں بجلی کی فراہمی کے کام پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ اسے 31 جنوری تک مکمل کیا جائے جس کے بعد اس کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ تیاری کے بعد انڈسٹریل پارک پشاور کا بھی افتتاح کیا جائے گا جو پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا ایک میگا پروجیکٹ ہے اور اس کے ذریعے یہاں پر صنعتکاری کو فروغ ملے گا اور اس اہم منصوبے کے ذریعے ہزاروں افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔انھوں نے بورڈ حکام سے صوابی انڈسٹریل اسٹیٹ کے حوالے سے بھی رپورٹ طلب کی۔معاون خصوصی نے ہدایت کی کہ بورڈ حکام صنعتکاری کے فروغ کیلئے صنعتی بستیوں میں ضروری سہولیات کی فراہمی اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے ازالے کیلئے اپنی عائد ذمہ داریاں بروقت ادا کریں اور دئیے گئیے اہداف کو مقررہ وقت میں سرانجام دیا جائے۔انھوں نے کہا کہ یہاں پر صنعتکاری کو سہولت یافتہ بنانے سے ہی صوبے میں سرمایہ کاری آئے گی اور اس مقصد کے حصول کیلئے صوبائی حکومت کا یہ پختہ عزم ہے کہ ہمارے صوبے میں صنعتیں اور کاروبار پروان چڑھے جو ہماری معاشی ترقی کا اصل زینہ ہے۔