وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی آمین گنڈاپور اور وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کی ہدایت پر محکمہ خوراک نے رمضان المبارک کے دوران اشیائے خوردونوش کی دستیابی، قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے اور غیر معیاری اشیاء کے تدارک کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کر لی ہے۔محکمہ خوراک نے صوبے بھر میں مصنوعی مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور ناقص معیار کی خوراک کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ رمضان حکمتِ عملی کے حوالے سے صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں رمضان میں خوراکی اشیاء کی خصوصی چیکنگ کریں گی تاکہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔وزیر خوراک کا کہنا تھا کہ فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں پشاور سمیت صوبے کے دیگر بڑے شہروں کے داخلی راستوں پر ناکہ بندیوں کے دوران غیر معیاری اشیاء کی روک تھام کو یقینی بنائیں گی۔ اسکے علاؤہ رمضان سے قبل دودھ سے بنی مصنوعات جیسے ملک شیکس، سنیکس، آئسکریم اور دیگر خوراکی اشیاء کے خام مال کی خصوصی انسپکشن بھی کی جائے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ رمضان و پیشگی حکمتِ عملی کے تحت ڈویژنل سطح پر ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اور متعلقہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز کی نگرانی میں خصوصی ٹیمیں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف چھاپے ماریں گی، جبکہ رمضان کے دوران مارکیٹ میں اشیائے خوردونوش کی دستیابی اور قیمتوں کی سخت نگران بھی کرے گی۔ا ظاہر شاہ طورو نے خوراک سے منسلک کاروبار کرنے والوں کو خبردار کیا کہ مصنوعی مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور غیر معیاری خوراک میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وزیر خوراک نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ذخیرہ اندوزوں اور غیر معیاری خورا کے کاروباریوں کی نشاندہی کے لیے محکمہ خوراک کو بروقت اطلاع دیں تاکہ ان کے خلاف فوری ایکشن لیا جا سکے۔وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ صوبائی حکومت شہریوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور رمضان المبارک میں معیاری اور سرکاری ریٹس پر خوراکی اشیاء کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائے گی۔