صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم میناخان آفریدی نے عیدمیلادالنبیﷺ کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خاتم النبیین حضورﷺ کی ولادت باسعادت سے پوری دنیا میں جہالت کے اندھیرے ختم ہوئے اور آپؐ کی پیدائش سے کائنات میں انسانیت نے چین و سکون کی سانس لی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ خاتم النبیین حضرت محمدﷺ کو تمام کائنات کیلئے رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا گیا۔انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا کی مسلم امہ کی پریشانیوں اور تکالیف کی وجہ ہی یہی ہے کہ ہم سب آپؐ کے بتاء راستے سے ہٹ گئے ہیں، ہم سب کو نبی آخر زمان حضرت محمدﷺ کے اخلاق حسنہ کو اپنانا چاہیے، تمام امت مسلمہ کی کامیابی حضورﷺ کی سنتوں کی تقلید کرنے میں ہے۔ صوبائی وزیر مینا خان آفریدی نے کہا کہ خاتم النبیین پیغمبراسلامﷺ کی زندگی ایسی مشعل راہ ہے جس کی پیروی کرنے سے ہی دنیا کے مسائل ومشکلات سے چھٹکارا پایاجاسکتا ہے، حضورﷺ کی تعلیمات سے آج بھی ہم اپنی زندگیوں کو کامیابی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔