پولیس ٹریننگ سکول ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے قیام سے متعلق صوبائی کابینہ کی قائم کردہ کمیٹی کا پہلا اجلاس کمیٹی کے چیئر مین اور وزیر بلدیات،

پولیس ٹریننگ سکول ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے قیام سے متعلق صوبائی کابینہ کی قائم کردہ کمیٹی کا پہلا اجلاس کمیٹی کے چیئر مین اور وزیر بلدیات، الیکشنزو دیہی ترقی ارشد ایوب خان کی زیر صدارت منگل کے روز محکمہ داخلہ و قبائلی امور پشاور کے کمیٹی روم میں منعقدہ ہوا۔جس میں وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اینٹی کرپشن مصدق عباسی، سیکرٹری لائیو اسٹاک فخر عالم، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ قاسم جدون، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان، محکمہ ریونیو اور محکمہ لائیو اسٹاک کے افسران نے شرکت کی۔ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ نے کمیٹی کو ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ سکول کے قیام اور اس کے لیے درکار زمینی رقبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات ارشد ایوب خان نے کہا کہ زمین کی تبدیلی کے حوالے سے تمام حکومتی قوانین کو مدنظر رکھا جائے اور کسی بھی صورت قانون کے بر خلاف کوئی کارروائی نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مل بیٹھ کر رضامندی سے لاء اینڈ آرڈر کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے زمین کے تبادلے کے حوالے سے فیصلہ کیاجائے تاکہ نقصان سے بچاجاسکے۔صوبائی وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ9 ایکڑ زمین جس پر پہلے سے تعمیر ات ہوچکی ہیں اور یہ لائیو اسٹاک کا حصہ ہے اگر یہ پولیس سکول کو مل رہی ہے تو اس کے بدلے میں محکمہ داخلہ اور پولیس ڈیپارٹمنٹ محکمہ لائیو اسٹاک کو دوسری جگہ زمین دے اور اس پر تعمیرات کی بھی ذمہ داری لے تاکہ محکمہ لائیو اسٹاک بھی مذکور ضلع میں اپنے فرائض کو انجام دے سکے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ زرعی زمین میں کسی بھی قسم کی تعمیر نہ کی جائے۔صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ ان تمام فیصلوں کو صوبائی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی آمین کی منظوری کے بعد اس کو حتمی شکل دی جائے گی۔وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اینٹی کرپشن مصدق عباسی نے کہا کہ اگر محکمہ داخلہ اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کو سکول کے قیام کے حوالے سے مزید رقبہ درکار ہو تو وہ ایک نئے پراجیکٹ کے ساتھ اس کمیٹی کو آگاہ کرے تاکہ صوبائی کابینہ کے سامنے مذکور مطالبہ کو پیش کیا جاسکے اور پولیس ٹریننگ سکول ڈیرہ اسماعیل خان کے قیام کو حتمی شکل دی جاسکے اور زیادہ سے زیادہ نوجوانان کو ٹریننگ دی جاسکے تاکہ صوبے میں امن و امان کی فضاء قائم ہو۔

مزید پڑھیں