وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و حرفت عبدالکریم تورڈھیر نے نظامت اعلیٰ صنعت وحرفت کی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و حرفت عبدالکریم تورڈھیر نے نظامت اعلیٰ صنعت وحرفت کی جانب سے عوامی خدمات کی فراہمی کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں جاری ڈیجٹلائزیشن کے کام کو تیز کیا جائے تاکہ عوام کو اس شعبے کے حوالے سے ریجسٹریشن اوردیگرخدماتی ذمہ داریوں میں آسانیاں فراہم ہو سکیں۔انھوں نے مزید کہا کہ محکمہ اپنی خدمات کے حوالے سے ای چالان کا نظام اپنانے پر توجہ دے۔معاون خصوصی نے کہا کہ عوامی خدمات کے حوالے سے یہ ایک اہم شعبہ ہے اور ہرضلع میں یہ اپنے مقامی ڈھانچے کے ذریعے عوام کو اپنی خدمات فراہم کررہا ہے لہذا اسے نئی جہتوں اوررجحانات کے مطابق جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اپنی اہمیت کے پیش نظر یہ مزید بہتری کیساتھ اپنی خدمات پیش کرسکے۔معاون خصوصی نے کہا کہ کرش پلانٹس کی ریجسٹریشن کے حوالے سے انکی پیداواری صلاحیت واستعداد کے مطابق درجہ بندی کرنے کیلئے مجوزہ قوانین میں ترامیم لائی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سول سیکرٹریٹ پشاور میں نظامت اعلیٰ صنعت و حرفت کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں انھوں نے محکمہ کی پیشہ ورانہ کارکردگی کی بہتری کے حوالے سے دئیے گئیے اہداف کے حصول کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا۔اجلاس میں ڈی جی انڈسٹریز حسن عابد،ڈپٹی سیکرٹری صنعت اعزاز اللہ و دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں معاون خصوصی کو بتایا گیا کہ صوبے میں 854 گوداموں کا ڈیٹا رپورٹ کیا گیا ہے اور انکی رجسٹریشن مقامی سطح پر کرانے کی سہولت دستیاب ہونے کیلئے مقامی افسران کو اختیارات تفویض کیئے گئے ہیں۔ اس طرح بھٹہ خشت کاروبار کو بطور صنعت قرار دینے کا بل بھی منظور ہوا ہے اور انھیں رجسٹریشن کے دھارے میں شامل کرنے کیلئے اضلاع کی سطح پر آگاہی مہمات چلائی جارہی ہیں۔ اسی طرح صوبہ بھر میں 885 سٹون کرشرز کا ڈیٹا بھی حاصل کیا گیا ہے جبکہ بوائلرز ایکٹ کے تحت جولائی سے نومبر 2024 تک 167 بوائلرز کی انسپیکشن کی گئی ہے اور اس مد سے مجموعی طور پر ٹوٹل محصولات 3436583 روپے حاصل کیئے ہیں۔معاون خصوصی کو صنعت کے حوالے سے متعد پرانے قوانین میں مجوزہ ترامیم کے حوالے سے بھی تفصیلات فراہم کی گئیں۔ان کو بتایا گیا کہ کارپوریٹ سوشل رسپانسبیلٹی کا معاملہ وفاقی یا صوبائی دائرہ اختیار میں ہونے کا جائزہ لینے کے حوالے سے محکمہ قانون سے رجوع کیا گیا ہے اور اس کا جواب جلد از جلد موصول ہوگا۔اس موقع پر معاون خصوصی نے ہدایت کی کہ نظامت اعلیٰ صنعت وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے عوامی ایجنڈے اور اپنے متعین دیگر خدماتی ذمہ داریوں کے تحت عوام کو سہولیات فراہم کرے اور اس سلسلے میں دئیے گئے اہداف کے جلد از جلد حصول کیلئے اپنی کوششیں تیز کرے۔

مزید پڑھیں