کاروباری طبقہ ہی مقامی معیشت اور خوشحالی کا بنیادی ستون ہے۔ چیئرمین ڈیڈاک کوہاٹ
ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ ایڈوائزری کمیٹی (ڈیڈاک) کوہاٹ کے چیئرمین شفیع جان ایم پی اے نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوہاٹ کا دورہ کیا جہاں اُنہوں نے چیمبر کے صدر رشید پراچہ، اراکین اور مقامی کاروباری برادری سے ملاقات کی۔اس موقع پر ایم پی اے شفیع جان کو شہر میں کاروباری سرگرمیوں، صنعتوں کو درپیش مسائل اور معاشی ترقی کے امکانات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ تاجر برادری نے بجلی کی لوڈشیڈنگ، ناقص انفراسٹرکچر، پانی کی قلت اور ٹرانسپورٹ کے مسائل پر موصوف کی توجہ مبذول کر۱تے ہوئے ”صنعتی ایمرجنسی” نافذکرنے کی درخواست کی تاکہ اس خطے کو صنعتی مرکز میں تبدیل کیا جا سکے۔ اگر حکومت سہولیات اور مراعات کی فراہمی میں تعاون کرے تو کوہاٹ جنوبی خیبرپختونخوا کا انڈسٹریل حب بن سکتا ہے، جس سے روزگار کے مواقع میں اضافہ، علاقائی خوشحالی اور معاشی استحکام ممکن ہو گا۔شفیع جان نے تاجروں کے مسائل غور سے سنے اور یقین دہانی کرائی کہ وہ ان مسائل کو صوبائی اسمبلی میں بھرپور طریقے سے اُجاگر کریں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ متعلقہ محکموں سے فوری رابطہ کیا جائے گا تاکہ مسائل کا جلد از جلد حل ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کاروباری برادری کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہے کیونکہ یہی طبقہ مقامی معیشت اور خوشحالی کا بنیادی ستون ہے۔چیمبر آف کامرس کے صدر اور دیگر اراکین نے ایم پی اے شفیع جان کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اُن کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں مرحوم ملک محمد اسد خان کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور ان کے مغفرت کی دعا کرتے ہوئے مرحوم کی خدمات پر ان کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔اجلاس میں صدر چیمبر رشید پراچہ،سینئر نائب صدرفہیم اللہ،سابق صدور سید فائق شاہ، ارشد حیات،ملک محمد اقبال،محمد جنید، عظمت جمیل، کرنل ر جواد پراچہ، پیر کامران شاہ، شاکر جہانگیر، محمد راشد اقبال میر، چیئرمین واسا محمد سعد، قاسم زبیر، انتظار علی، وسیم خان، عبدالرحمان، راحت خٹک ودیگر شامل تھے۔