وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے اسلام اباد میں ایک نجی ٹورازم ٹیکنالوجی کمپنی ”جیز مسافر” کے ہیڈآفس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اتھارٹی اور نجی شعبے کے اشتراک سے ”آئی آف پاکستان” پراجیکٹ پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔ اس پراجیکٹ کے تحت سیاحتی مقامات کی آن لائن اور ورچول تفریح کے علاوہ سیاحوں کو خاص ایپ کے ذریعے پیشگی سفری انتظامات اور موسم سمیت تازہ ترین معلومات تک رسائی ممکن ہو جائے گی۔ ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی تاشفین حیدر، کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو سجاد خان، اتھارٹی کے منیجر ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سیل عبدالبصیر اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ زاہد چن زیب نے پراجیکٹ اہلکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں اور شبانہ روز کاوشوں کو سراہا اور اعتراف کیا کہ سیاحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے یہ صنعت زیادہ مستحکم اور فعال بنے گی نیز ہمیں اپنے قدرتی سیاحتی اور ثقافتی وسائل کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے سمیت زیادہ زرمبادلہ کمانے کے مواقع بھی ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دور جدید میں ورچول ٹورازم کے ذریعے دنیا کے مختلف سیاحتی مقامات کو وہاں کا سفر کئے بغیر دیکھنے اور جانچنے کا رجحان بڑھ رہا ہے جو وی آر (ورچول رئیلٹی)، اے آر (اگمنٹڈ رئیلٹی) اور 360 ڈگری ویڈیوز سمیت ٹیکنالوجی کے استعمال سے ممکن ہے۔ زاہد چن زیب نے ٹیکنالوجی کی مد میں نجی شعبے کی صنعت سیاحت میں شمولیت، معیشت کی ترقی میں حصہ ڈالنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں کردار کو بیحد سراہا۔ مشیر سیاحت نے کہا کہ دور جدید میں محض ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاکر ملکی و غیرملکی سیاحوں کیلئے بہترین سہولتیں فراہم کی جا سکتی ہیں جن میں آن لائن بکنگ فلیٹ فارمز، جدید نیویگیشن سسٹمز، موسم کی بروقت صورتحال اور سیاحتی مقامات کی ورچول رئیلٹی ٹورز شامل ہیں۔ انہوں نے سیاحوں کی آسانی کیلئے آن لائن ریزرویشن سسٹمز کو جدید بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کے تحت ہوٹلز، ٹرانسپورٹ اور گائیڈز کی خدمات تک رسائی آسان ہوگی اور سیاحت کے مواقع مزید بہتر ہوں گے جبکہ یہی”آئی آف پاکستان” پراجیکٹ کا ہدف بھی ہے۔ اس موقع پر زاہد چن زیب کی سربراہی میں محکمہ سیاحت و ثقافت اور کمپنی حکام کا مشاورتی اجلاس بھی ہوا جس کے دوران خیبرپختونخوا میں سیاحت و ثقافت کے فروغ میں حائل دشواریوں اور انکے ازالہ کیلئے اقدامات کا اجمالی جائزہ لیا گیا اور ضروری فیصلے کئے گئے۔ اجلاس کے دوران ٹیلی کام کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو سجاد خان نے اپنی بعض اختراعی خدمات و مصنوعات کا جائزہ بھی پیش کیا جس میں موسم کی پیشن گوئی کا نظام ”ویدر والے، ایگری ٹیک پلیٹ فارم ” باخبر کسان” اور ان کے فلیگ شپ ٹورازم پلیٹ فارم ”جاز مسافر” شامل ہیں۔ انہوں نے باہمی اشتراک کے منصوبے ”آئی آف پاکستان” پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد پاکستان بھر میں قدرتی تفریحی مقامات کی لائیو نمائش کے ساتھ ساتھ اضافی سہولیات جیسے سفری خطرات میں کمی، موسم کی تازہ صورتحال اور ڈیٹا شیئرنگ یقینی بنے گی اور اس کے ذریعے ڈیجیٹل سیاحت کو زبردست فروغ ملے گا۔ مشیر سیاحت نے کمپنی کی تخلیقی کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ نیا پراجیکٹ سیاحتی شائقین کو نہ صرف سفری بلکہ موبائل اور انٹرنیٹ کے ذریعے مختصر ترین وقت میں پاکستان کی خوبصورتی کا احاطہ کرانے میں معاون ثابت گا۔ زاہد چن زیب نے سیاحت کے شعبے کو آگے بڑھانے، اقتصادی ترقی کی نئی راہیں ڈھونڈنے اور پاکستان کے قدرتی حسن کی ڈیجیٹل عکاسی بڑھانے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے امکانات پر روشنی ڈالنے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اور نجی شعبے کیلئے خیبرپختونخوا میں صنعت سیاحت کو مزید مربوط بنانے اور خوشحال مستقبل سے ہم کنار کرنے کیلئے بے پناہ مواقع موجود ہیں جبکہ اس کی بھرپور حوصلہ افزائی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔