محکمہ قانون خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام پشاور کے کمیٹی روم میں خیبر پختونخوا چیریٹی ایکٹ 2019 کے سیکشن 12 میں مجوزہ ترامیم کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم ایڈوکیٹ نے کی، جس میں چیریٹی کمیشن، بورڈ آف ریونیومحکمہ داخلہ اورمحکمہ قانون کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں خیبر پختونخوا چیریٹی ایکٹ 2019 کی سیکشن 12، جو چیریٹیز کی رجسٹریشن سے متعلق ہے، میں مجوزہ ترامیم پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیر قانون نے اس موقع پر ہدایات جاری کیں کہ رجسٹریشن کے عمل کو مزید مضبوط اور مؤثر بنایا جائے تاکہ غیر سرکاری تنظیموں کے مالیاتی ذرائع شفاف ہوں اور اس کے ذریعے دہشت گردی کی مالی معاونت کا سد باب یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس کے دوران تمام متعلقہ اداروں نے اپنی تجاویز پیش کیں اور اس بات پر اتفاق کیا کہ چیریٹی سیکٹر میں شفافیت اور قانونی فریم ورک کو مزید مستحکم بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں گے۔ وزیر قانون آفتاب عالم ایڈوکیٹ نے اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات دیں کہ وہ مجوزہ ترامیم کو حتمی شکل دے کر جلد از جلد ان پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔