خیبر پختونخوا کے وزیر برائے محنت فضل شکورخان اور صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود سید قاسم علی شاہ نے بدھ کے روز ضلع چارسدہ میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پرصوبائی وزراء کی آمدپر انکا پرتپاک استقبال کیا گیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کئے صوبائی وزراء نے فیتہ کاٹ کر چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کرنے کے بعد یونٹ کی مختلف سیکشنز کا تفصیلی معائنہ کیا جبکہ صوبائی وزراء کو چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی صوبائی وزراء کو یونٹ میں دی جانے والی میڈیکل، قانونی معاونت، شیلٹر، سا ئیکلوجیکل سپورٹ، بچوں کی کونسلنگ سمیت دیگر فراہم کی جانے والے سہولیات کے بارے میں تفصیل سے بتایاگیا افتتاحی تقریب کے موقع پر صوبائی وزیر فضل شکورخان کا کہنا تھا کہ ضلع چارسدہ میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کے قیام سے معاشرے میں بدسلوکی، نظراندازی، بنیادی حقوق سے محرومی اور استحصال کا سامنا کرنے والے بچوں کے حقوق کو محفوظ بنایاجائیگا۔انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ معاشرے میں بدسلوکی، استحصال اوراس قسم کی دوسری بدسلوکی کا سامنا کرنے والے بچوں کے تحفظ کے لئے مضبوط نظام تشکیل دینے میں حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ چائلڈ یونٹ کے قیام کا بنیادی مقصد خطرے میں مبتلا بچوں کی نشاندہی کرنا اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے، تاکہ ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے اور ان بچوں کو محفوظ ماحول فراہم ہوں۔ صوبائی وزراء نے حکومت کی طرف سے معذور افراد میں مالی امداد کے چیک بھی تقسیم کئے۔