خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم میناخان آفریدی نے کہا ہے کہ تعلیم کے فروغ کے لیے ہماری خاص توجہ خواتین کی تعلیم پر ہے۔ عام تاثر یہی ہے کہ خیبر پختونخوا میں خواتین کی تعلیم کی شرح کم ہے، لیکن حالیہ پالیسیوں کے نتیجے میں یہ تناسب حیران کن حد تک بڑھا ہے۔ 2013 سے اب تک اعلیٰ تعلیم میں خواتین کی شرح بہت بڑھ چکی ہے، اور ہم پرامید ہیں کہ موجودہ صوبائی حکومت کا دور مکمل ہونے تک طالبات کی تعداد طلبا سے بھی زیادہ ہو جائے گی۔ حالیہ کالج انرولمنٹ میں دیکھا ہے کہ طالبات کی انرولمنٹ 70 سے 75 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جو ایک خوش آئند امر ہے صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار ویمن یونیورسٹی صوابی میں منعقدہ سپورٹس گالا کے افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا صوبائی وزیر نے ویمن یونیورسٹی صوابی میں سپورٹس گالا کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا اس موقع پر انکے ہمراہ سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ حاجی رنگیز خان اور وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی صوابی میاں سید خان بھی موجود تھے صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبائی حکومت نے انٹرمیڈیٹ سطح پر بچیوں اور یتیم بچوں کا تعلیم مفت کردیا ہے۔ اس اقدام سے ہزاروں طالبات کو تعلیم جاری رکھنے میں مدد ملے گی، جو کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ سلیکشن بورڈ کے لیے تیاریاں تیز کریں ہم میرٹ اور شفافیت پر یقین رکھتے ہیں، اور تمام بھرتیاں خالصتاً میرٹ پر کی جائیں گی، تاکہ تعلیمی معیار مزید بہتر ہو تقریب میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی خطاب کیا اور نوجوانوں کی صلاحیتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت اس کے نوجوان ہیں جو کسی بھی قوم کے لیے ایک سنہری موقع ہوتا ہے۔ اگر ہم اپنی نوجوان نسل کو مثبت انداز میں تیار کریں، انہیں مواقع فراہم کریں اور ان کی صلاحیتوں کو صحیح سمت میں استعمال کریں، تو پاکستان تیزی سے ترقی کر سکتا ہے اور اپنی معیشت اور معاشرت کو مضبوط بنا سکتے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ کامیابی اللہ تعالیٰ دیتا ہے، لیکن محنت اور کوشش ہمارے ہاتھ میں ہے۔ ہمیں نیک نیتی اور بھرپور محنت کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا تاکہ ہم اپنے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکیں اس موقع پر وزیر برائے کھیل فخر جہاں نے کھیلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حکومت خواتین کے کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ صحت مند سرگرمیاں نوجوان نسل کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کے لیے فائدہ مند ہوتے ہیں بلکہ ذہنی نشوونما میں بھی مدد دیتے ہیں۔ حکومت خواتین کے کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی تاکہ طالبات اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی صوابی میاں سید خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو آگے لانے کے لیے یونیورسٹی اپنی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ طالبات کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی بہترین مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں حاجی رنگیز خان نے ویمن یونیورسٹی صوابی کو ایک بہترین تعلیمی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کی ترقی سے علاقے میں خواتین کی اعلیٰ تعلیم کو مزید فروغ ملے گا اور پورے صوبے میں اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ہمیں فخر ہے کہ خیبر پختونخوا میں خواتین کی تعلیم کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے تقریب کے اختتام پر بہترین کارکردگی دکھانے والی طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کو کیش پرائز اور شیلڈز دی گئیں، جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ اور شرکاء نے اس کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا۔