چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہوا، جس میں صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں گڈ گورننس اور رمضان المبارک کے دوران عوامی فلاح و بہبود سے متعلق اقدامات کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ (PMRU) کے افسران نے شرکت کی۔ پی ایم آر یو کے عملے نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر ایک جامع بریفنگ دی، جس میں گڈ گورننس کے حوالے سے حاصل کردہ اہداف اور رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف اقدامات کی تیاریوں پر روشنی ڈالی گئی۔چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے مؤثر گڈ گورننس اور رمضان المبارک کے دوران عوامی ریلیف کے اقدامات کی جامع اور ہمہ وقت مانیٹرنگ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اشیائے ضروریہ کی دستیابی، قیمتوں کے کنٹرول، اور عوامی خدمات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائیں۔