ہاؤسنگ منصوبے بغیر کسی تاخیر کے مکمل کیئے جائیں۔ ڈاکٹر امجد علی

حکومت کی کوشش ہے کہ صوبے کے عوام کو بہترین رہائشی سہولیات فراہم کی جائیں۔ معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ

وزیراعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کی زیر صدارت بدھ کے روز محکمہ ہاؤسنگ کے جاری منصوبوں سے متعلق ایک جائزہ اجلاس پشاور میں منعقد ہوا جس میں ضلع دیر کے سابق منتخب ایم این اے گلدادخان، سیکرٹری ہاؤسنگ خیام حسن، ڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ عمران وزیر، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل عامر زیب اور دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ نے جاری منصوبوں پر معاون خصوصی کو بریفنگ دیتے ہوئے اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ڈاکٹر امجد علی نے بریفنگ میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام ہاؤسنگ منصوبے بغیر کسی تاخیر کے مکمل کیئے جائیں۔ انہوں نے نیو پشاور ویلی منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ تمام ہاؤسنگ منصوبوں میں سب سے زیادہ رقبہ پر محیط ہے اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ پر اعتماد کرتے ہوئے اس منصوبے کی ذمہ داری پی ڈی اے سے لے کر ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کی ہے تاکہ اس کی تکمیل بروقت ممکن ہو سکے۔ معاون خصوصی نے مزید ہدایت کی کہ نیو پشاور ویلی منصوبہ عوام کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے، اسے انتہائی محنت اور توجہ کے ساتھ وزیراعلیٰ خیبر پختونخواکے وژن کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ صوبے کے عوام کو بہترین رہائشی سہولتیں فراہم ہوسکیں۔اسی طرح بنوں گل سٹی منصوبہ بھی اہمیت کا حامل ہے اور اس منصوبے کو بھی جلد ازجلد مکمل کرنے کے لئے بھر پور اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو جدید سہولیات سے آراستہ رہائش فراہم کی جائیں اور اس سلسلے میں تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے

مزید پڑھیں