وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیر سے

وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیر سے بدھ کے روز انکے دفتر میں پارکو پرل گیس پرائیویٹ لمیٹڈ کے ایک وفد نے نیشنل منیجر سید عمران رضوی کی سربراہی میں ملاقات کی اور ان کے ساتھ صوبے میں موجودہ اور نئے صنعتی زونز کے لیے توانائی و ایندھن کے ضروریات کے حوالے سے ایل پی جی گیس کی فراہمی کی تجویز پر تبادلہ خیال کیا۔ پرل گیس پرائیویٹ لمیٹڈ جو پاک عرب ریفائنری کی ذیلی کمپنی ہے اور صنعتی ترقی کے لیے مایہ پٹرولیم گیس کا حل فراہم کرنے والا ایک نمایاں ادارہ ہے۔وفد نے معاون خصوصی سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے صوبے کی صنعتوں کیلئے ایل پی جی کے امکانی گنجائش کو شامل کرنے میں ممکنہ تعاون کی پیشکش کی۔انھوں نے بتایا کہ انکی کمپنی مختلف صنعتوں کو مایہ گیس سپلائی کرتی ہے اور گھریلوں صارفین کیساتھ ساتھ ملک بھر میں بڑی سطح کی صنعتیں ان کے صارفین میں شامل ہیں۔انھوں نے بتایا کہ صنعتی زونز میں اس سہولت کے حوالے سے سروے،ڈایزائننگ اور پائپ تنصیب و دیگر مراحل کے حوالے سے کمپنی صنعتوں کو اپنی مہارتوں پر مبنی مفت سہولیات بھی فراہم کرتی ہے۔اس موقع پر معاون خصوصی نے ایل پی جی گیس کی کمپنی کے پیشکش کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ممکنہ طور پر کمپنی کے تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں یہ تعاون صنعتی شعبے کے پائیداری کے اہداف کو آگے بڑھانے میں معاون ہوگی۔معاون خصوصی نے کہا کہ توانائی اور ایندھن ضروریات کیلئے مایہ پٹرولیم گیس کی سہولت اور استعمال بلاشبہ ماحولیاتی تغیرات کے نقصانات سے بچاؤ کیلئے بھی ایک کوشش ہو سکتی ہے کیونکہ ایندھن کے مقاصد کیلئے لکڑی کے استعمال سے جنگلات کو نقصان پہنچ رہا ہے اور اس کے ذریعے ہم ماحولیاتی تبدیلیوں کے خطرات کا سامنا کررہے ہیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ جہاں جہاں سے بھی صنعتوں کو سہولیات مل سکتی ہوں ہماری کوشش ہوگی کہ صنعتوں کی سہولت کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائیں۔

مزید پڑھیں