وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی شفقت ایاز

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی شفقت ایاز نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت آئی ٹی کے میدان میں نوجوانوں کے ٹیلنٹ سے استفادہ کرنے اور اس شعبے سے ملک کے لئے اربوں روپوں کے زرمبادلہ کے حصول کو ممکن بنانے کے لئے متعدد منصوبوں پر کام کررہی ہے۔ ضم شدہ اضلاع میں 83 کروڑ روپے کی خطیر لاگت سے ”ڈیجیٹل کنیکٹ ” کے نام سے منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ جس کے تحت تمام ضم شدہ اضلاع میں سات ہزار سے زیادہ نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان تربیت دی جارہی ہے۔ عنقریب مردان میں شنکر کے مقام پر آئی ٹی پارک قائم کیا جائیگا جس میں آئی ٹی کی فیلڈ میں کام کرنے والوں اور مختلف آئی ٹی فرمز کو دفاتر سمیت دیگر سہولیات مفت فراہم کی جائیگی۔ وہ یہاں مقامی ہوٹل میں Dawn Festکے نام سے خیبر پختونخو اکے سب بڑے ٹیکنالوجی ایونٹ سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے فوکل پرسن برائے نوجوانان اشفاق مروت، تحصیل میئرمردان حمایت اللہ مایار، آئی ٹی بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد عاکف، ایونٹ کے چیف آرگنائز ر ارسلان، مختلف کمپنیوں کے نمائندگان اور آئی ٹی سے وابستہ مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلبہ طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ٹیکنالوجی ایونٹ میں مختلف آئی ٹی کمپنیوں اور سٹارٹ اپس نے اپنے سٹال لگائے تھے جن پر طلبہ طالبات کی رہنمائی کے لئے عملہ موجود تھا۔ معاون خصوصی شفقت ایاز نے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے ایک کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو اللہ تعالیٰ نے مختلف صلاحیتوں سے نوازا ہے۔ہماری صوبائی حکومت آئی ٹی کے شعبے میں موجود امکانات سے استفاد ے کے لئے چوکس ہے۔ حال ہی میں ہم نے سعودی عرب کے ساتھ مفاہمت کی تین یاداشتوں پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت آئی ٹی کے شعبے میں تربیت مکمل کرنے والے 1500 سے زائد نوجوانوں کو سعودی عرب بھیجاجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں سرکاری محکموں کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل جاری ہے۔ پہلے مرحلے میں ٹوارزم، ایکسائز، ہاؤسنگ اور لوکل گورنمنٹ سمیت 8 محکموں کو ڈیجیٹل بنایا جارہا ہے جبکہ وقت کیساتھ اس کا دائرہ صوبائی حکومت کے تمام محکموں تک بڑھایا جائیگا۔ شفقت ایاز نے کہا کہ ہری پور میں 86کنال اراضی پر ڈیجیٹل سٹی پر کام جاری ہے۔ اس کی عمارت کے تین منزل تیار ہوچکے ہیں۔ اس میں 20فرمز اور کمپنیوں کو آسان شرائط پر پلاٹ فراہم کریں گے تاکہ بیرونی ممالک سے بھی اس شعبے کے سرمایہ کار ہمارے صوبے میں سرمایہ کاری کریں اور یہاں کے باصلاحیت نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملے۔ انہوں نے کہا کہ امسال مئی کے مہینے میں عالمی سطح کا ڈیجیٹل ایکسپو خیبر پختونخوا میں منعقد کیا جائیگا جو ملک کا سب سے بڑا ڈیجیٹل ایکسپو ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا ”ڈان فیسٹ ” ایونٹ میں شرکت کرنے والے انٹر پرینیورز اور آرگنائزرز میں شیلڈز بھی تقسیم کئے۔

مزید پڑھیں