وزیراعلیٰ خیبرپختونخواپہلے ہی آن لائن ای بیلٹنگ کے ذریعے میرٹ کے تحت مستحق گھرانوں کا انتخاب کرچکے ہیں
فلیگ شپ منصوبے کے حوالے سے بے بنیادوگمراہ کن پروپیگنڈہ کیا جارہاہے،محکمہ توانائی وبرقیات کی وضاحت
محکمہ توانائی وبرقیات نے صوبے کے 1لاکھ 30ہزار غریب اورمتوسط خاندانوں کو مفت سولر سسٹم کی فراہمی کے فلیگ شپ منصوبے کے حوالے سے بعض میڈیاکے ذریعے منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیوں ومالی بدعنوانی کے تاثرکوغلط قراردیتے ہوئے اسے بے بنیاد اورگمراہ کن پروپیگنڈہ قراردیا ہے۔محکمہ توانائی وبرقیات نے واضح کیا ہے کہ مذکورہ منصوبہ محکمہ برقیات کے ذیلی ادارے پختونخواانرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن(پیڈو) کے ذریعے شروع کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے پہلے مرحلے کا افتتاح وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین خان گنڈاپور آن لائن ای بیلٹنگ کے ذریعے کرچکے ہیں جس میں میرٹ کے ذریعے مستحق گھرانوں کا انتخاب کیا گیاہے اورساتھ ہی انہوں نے ہدایات جاری کی ہیں کہ عوامی فلاح کے منصوبے کو جلدازجلدمکمل کیاجائے۔ محکمے نے وضاحت کی ہے کہ تاحال اس منصوبے کے تحت کوئی مالی ادائیگی نہیں کی گئی اور نہ ہی کسی ٹھیکیدار کو کوئی ٹینڈر الاٹ کیا گیا ہے۔منصوبے کے تخمینی نرخ مکمل طور پر مارکیٹ ریٹ سسٹم (MRS) 2024 – پہلی ششماہی اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کی منظور شدہ مارکیٹ ریٹ انیلیسس کے مطابق تیار کیے گئے ہیں۔منصوبے کے لیے پیشگی خریداری کا عمل KPPRA ایکٹ کی شق 22 کے تحت شروع کیا گیا ہے، جو فنڈز کی دستیابی سے مشروط منظوری کی اجازت دیتا ہے۔اس مقصد کے لیے بینک آف خیبر (BoK) اور پیڈوکے مابین مفاہمتی یاداشت (MoU) پر پہلے ہی دستخط ہو چکے ہیں لہٰذا، اس منصوبے سے متعلق کیا جانے والا پروپیگنڈہ بے بنیاد، حقائق کے منافی اور گمراہ کن ہے۔محکمہ توانائی وبرقیات خیبرپختونخواحکومت کے وژن کے مطابق عوامی منصوبوں میں شفافیت اورمعیارکوسامنے رکھتے ہوئے میرٹ کی بنیاد پرمعاملات چلارہاہے اورکرپشن کے حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پرعمل پیراہے۔