وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن طفیل انجم نے کہا ہے کہ لوئر چترال میں نوجوانوں کی استعداد کار کو بڑھانے کے لئے حب بی کنیکٹ جیسے پرائیویٹ ادارے وقت کی اہم ضرورت ہے، انہوں نے کہا ہے کہ ہم اس ادارے کو عالمی معیار کے مطابق بنانے میں ہر ممکن تعاون کریں گے، یہ ادارہ فنی تعلیم کے میدان میں یہاں کے نوجوانوں کے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی نے لوئر چترال میں ایک پرائیویٹ انسٹیٹیوٹ حب بی کنیکٹ کا دورہ کرتے ہوئے کیا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لوئر چترال محسن اقبال سمیت دیگر متعلقہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر چیئرمین حب بی کنیکٹ سہیل ملک نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دورے کے دوران، انہیں انسٹی ٹیوٹ کے مشن، منصوبوں، اور علاقائی اثرات پر ایک جامع بریفنگ دی گئی جبکہ حب بی کنیکٹ کی انتظامیہ نے بھی اپنے آپریشنل فریم ورک اور اسٹریٹجک شراکت کے بارے میں تفصیلی بریفینگ دی، جس میں پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کو اجاگر کیا گیا جو تنظیم کی کامیابی کا باعث بنتے ہیں۔ معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن طفیل انجم نے ادارے کے ڈھانچے اور اس کی ٹیم کے عزم پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے تکنیکی اور ڈیجیٹل اسکل ڈویلپمنٹ کے ذریعے چترال کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں حب بی کنیکٹ کی کوششوں کو سراہا اور مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے چترال کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے حب بی کنیکٹ کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ان اضلاع میں عالمی معیار کے عین مطابق فنی تعلیم کو فروغ دیا جائے تاکہ یہاں پر نوجوان طبقہ اپنے لئے عملی روزگار شروع کر سکے۔