وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و حرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صنعتکاروں کو ممکنہ طور پر سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر پہلو سے کوششیں کررہی ہے۔انھوں نے کہا کہ جب صنعتوں کا پہیہ چل رہا ہو تو صوبہ ترقی کرے گا اور معاشی طور پر مستحکم ہوگا لہذا حکومت اس شعبے کی ترقی پر خاص توجہ دے رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کے صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے خاتمے اور انکی جائز معروضات کو حل کرنے کیلئے کوششیں کی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کے روز اپنے دفتر پشاور میں صوبے کے سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کے صدور پر مبنی صنعتکاروں کے ایک وفد سے اظہار خیال کے دوران کیا جنھوں نے معاون خصوصی سے ملاقات کی۔وفد میں ایبٹ آباد سے حاجی افتخار،پشاور سے وحید عارف،مردان سے سجاد خان،مانسہرہ سے عبد المالک خان،کوھاٹ سے یونس خٹک و دیگر انڈسٹریل اسٹیٹس کے نمائندے شامل تھے۔ صنعتی بستیوں کے صنعتکاروں نے معاون خصوصی کو اپنے بعض مطالبات پیش کیے اوراس حوالے سے معاون خصوصی کو صنعتکاروں کے مسائل کو حل کرنے میں کردار ادا کرنے کی استدعا کی۔ اس موقع پر معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ حکومت صنعتکاروں کو ریلیف دینے کے ساتھ ساتھ انھیں صوبے میں صنعتکاری کیلئے ایک سازگار اور بہتر ماحول فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔انھوں نے کہا کہ صوبے میں توانائی مسائل اور کئی دیگر چیلنجز سے صنعتکاروں کو درپیش مشکلات کا انھیں بخوبی ادراک ہے اور یہی وجہ ہے کہ صنعتوں کو سستی بجلی،قرضہ سکیموں و دیگر پہلوؤں میں مراعات اور سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے کوششیں ہو رہی ہیں۔انھوں نے کہا کہ چھوٹی صنعتی بستیوں کے صنعتکاروں کے اجاگر کردہ نکات کا وہ جائزہ لیں گے اور انکی کوشش ہوگی کہ صنعتکاروں کو کوئی مشکل پیش نہ آئے۔