خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان کی سربراہی میں منگل کے روز دیوانہ بابا ضلع بونیر میں

خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان کی سربراہی میں منگل کے روز دیوانہ بابا ضلع بونیر میں پارٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی حلقہ پی کے 26 کی تمام ویلج کونسلز کے مشران، عہدیداروں،انصاف یوتھ اور انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے نمائندوں اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔اجلاس میں 24 نومبر کو پارٹی کے بانی چیر مین عمران خان کی فائنل احتجاجی کال کے سلسلے میں تیاریوں کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پارٹی کے تمام عہدیداروں اور ورکرز نے متفقہ فیصلہ کیا کہ پی کے 26 کے تمام کارکنان اس احتجاجی کال پر لبیک کہہ کر بڑھ چڑھ حصہ لیں گے۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے تمام مقامی رہنماؤں اور پارٹی عہدیداروں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنے علاقوں میں ورکرز کو فعال بنانے کیلئے اپنی کوششوں کو تیز کریں۔انھوں نے کہا کہ بانی چیر مین کی احتجاجی کال پر ضلع بونیر سے ہزاروں افراد پر مشتمل قافلہ نکلے گا اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی سربراہی میں اسلام آباد کی جانب گامزن ہوگا۔صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ہماری یہ جہدوجہد اور احتجاج حق و باطل کے مابین ایک اہم معرکہ ہے جو آئین و قانون کی بالادستی و حکمرانی کیلئے پاکستان تحریک انصاف لڑ رہی ہے۔

مزید پڑھیں