اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی کاروائیاں، شانگلہ میں بدعنوانی اور جعلی میوٹیشن کے ذریعے زمین کی غیر قانونی منتقلی پر نائب تحصیلدار گرفتار، ڈی ایچ کیو ہسپتال بٹ خیلہ مالاکنڈ میں تعمیراتی کام میں بے ضابطگیوں پر انکوائری کا حکم

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی صوبہ بھر میں بدعنوانی کی روک تھام کیلئے کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو شانگلہ میں بدعنوانی اور جعلی میوٹیشن کے ذریعے زمین کی غیر قانونی منتقلی کی شکایت موصول ہوئی جس پر انکوائری کے دوران الزامات درست قرار دے کرمتعلقہ حکام پر ذمہ داری عائد کردی۔ انکوائری کی روشنی میں ایف آئی آر نمبر تین شانگلہ درج کرلی گئی اور مرکزی ملزم اسرار الدین نائب تحصیلدار، تحصیل پورن کو گرفتار کرلیا۔جبکہ مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔اسی طرح عوامی شکایات پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بٹ خیلہ ملاکنڈ میں تعمیراتی کام میں بے ضابطگیوں پر مشیر وزیراعلیٰ برائے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ مصدق عباسی نے نوٹس لے کر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے حکام کو ہسپتال پہنچنے کی ہدایت کی جس پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بٹ خیلہ مالاکنڈ کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران ڈی ایچ کیو ہسپتال میں چار لفٹیں اور ایلیویٹر (Elevators) ناکارہ پائی گئیں۔ جبکہ کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کا نظام بھی ناکارہ پایا گیا۔ اسطرح گرمیوں میں مریضوں کے لیے وارڈز میں نصب ایئرکنڈیشنر بھی ناکارہ ہونے کا انکشاف ہوا۔ ہسپتال میں لفٹ اور ایلیویٹر غیر فعال ہونے سے دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائی شروع کرتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا۔ مجرموں کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

مزید پڑھیں