وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صحت کے شعبے کی ترقی کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ صحت سہولت کارڈ ہماری حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ ہے جس کے تحت اب لاکھوں مریضوں کا اربوں روپے کی لاگت کا علاج معالجہ کیا جا چکا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مردان صوبے کا ایک اہم اور تاریخی ہسپتال ہے جو مردان کے ساتھ ساتھ دیگر ملحقہ اضلاع کے عوام کو علاج معالجے کی سہولیات مہیا کرتا رہا ہے۔ وہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مردان کے دورہ کے موقع پر ہسپتال انتظامیہ اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ ہسپتال پہنچنے پر میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر جاوید اقبال نے ہسپتال کے سینیئر ڈاکٹروں کے ہمراہ مشیر اطلاعات کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر، اے ڈی سی سعیداللہ جان بھی موجود تھے۔ مشیر اطلاعات کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مردان ٹیچنگ ہسپتال کے درجہ کا حامل ادارہ ہے جو عوام کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات مہیا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں نے مردان ہسپتال میں ہاؤس جاب کی آسامیاں منظور کر لی ہیں۔ جس کے لیے بجٹ کا مسئلہ درپیش ہے۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نیکہا کہ ماضی کے زمانے میں بھی یہ صوبے کا اہم ہسپتال تھا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر جاوید اقبال نے بیرسٹر سیف کو گائنی سیکشن کا دورہ کرایا اور بتایا کہ یہ لیبر روم بھی جدید سہولیات کے ساتھ فعال ہے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ مردان ہسپتال میں ہاؤس جاب آسامیوں کے ساتھ دیگر مالی اور انتظامی مسائل وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا اور وزیر صحت کے نوٹس میں لائے جائیں گے اور انکے حل کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ وفاقی کی جانب سے صوبائی حکومت کے فنڈز روکے جانے کے باوجود حکومت محدود وسائل میں عوام کو بہترین خدمات مہیا کر رہی ہے۔ مشیر اطلاعات نے ہسپتال میں ایک بچے کو پولیو ویکسین کے قطرے بھی پلائے اور ملک میں پولیو کے خاتمے کے لیے ہیلتھ ورکرز اور باالخصوص پولیس جوانوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے بچوں کو بیماریوں سے بچانے کی جدوجہد میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہی ہمارے اصل ہیروز ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر جاوید اقبال نے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔

مزید پڑھیں