خیبر پختونخواکے وزیر برائے محنت فضل شکور خان نے کہا ہے کہ محنت کش طبقہ ہمارے معاشرے کا اہم جزو ہے، ان کے بچوں کو معیاری تعلیم، صحت اور بنیادی حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورکنگ فوکس گرامر سکول (بوائز)، ہری پور-II، فیملی کوارٹرز لیبر کالونی کے دورے کے موقع پر کیا۔ ان کے ہمراہ سابق صوبائی وزیر یوسف ایوب خان بھی موجود تھے۔فضل شکور خان نے سکول میں شجرکاری مہم کا آغاز کرتے ہوئے پودا لگایا اور کہا کہ ماحولیاتی تحفظ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر انہوں نے لیبرز کے بچوں میں امدادی چیکس بھی تقسیم کیے۔سکول کے پرنسپل نے صوبائی وزیر سے سکول کو ماڈل سکول کا درجہ دینے کی درخواست کی جس پر فضل شکور خان نے کہا کہ اس ادارے کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ محنت کشوں کے بچوں کو بہترین تعلیم حاصل ہو سکے۔فضل شکور خان نے کہا کہ لیبر طبقے کو درپیش مسائل خصوصاً تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ ہری پور میں چار سو سے زائد کمپنیاں موجود ہیں جہاں ہزاروں کی تعداد میں ورکرز کام کرتی ہیں لیکن انہیں سوشل سیکیورٹی اور ای او بی آئی کی سہولیات میسر نہیں۔ اس حوالے سے حکومت جلد عملی اقدامات کرے گی۔صوبائی وزیر نے خانپور میں میڈیکل سنٹر کے قیام کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ صحت کی سہولیات لیبر کا بنیادی حق ہیں اور اس منصوبے پر جلد عمل درآمد ہوگا۔سابق صوبائی وزیر یوسف ایوب خان نے کہا کہ ایسا نظام بنایا جائے گا جس میں سرمایہ کار اور لیبر طبقہ ایک دوسرے کے دست و گریباں نہ ہوں بلکہ ترقی کے لیے مل کر کام کریں۔فضل شکور خان نے مزید کہا کہ ایف او ایف پالیسی پر مکمل عمل درآمد کیا جا چکا ہے جبکہ اساتذہ کی اپگریڈیشن کا عمل بھی جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ تعلیمی نظام میں بہتری لائی جا سکے۔صوبائی وزیر کی آمد کے موقع پر ہری پور پولیس کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے، جنہیں صوبائی وزیر نے سراہا۔فضل شکور خان نے کہا کہ محکمہ لیبر خیبر پختونخواہ تمام مسائل کے حل اور لیبر طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔