حکومت خیبر پختونخوا نے کوہاٹ کے کچہری چوک تا پی اے ایف چوک روڈ کشادگی کی دوبارہ منظوری دے دی
خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم آفریدی ایڈوکیٹ، سابق وفاقی وزیر داخلہ اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شہریار آفریدی ایم این اے، چیئرمین ڈیڈاک کوہاٹ شفیع جان ایم پی اے اور ایم پی اے داؤد شاہ آفریدی کی انتھک کوششوں سے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات نے کچہری چوک تا پی اے ایف چوک روڈ کشادگی کے منصوبے کی باقاعدہ طور پر دوبارہ منظوری دے دی۔ منصوبے پر تقریباً 800 ملین روپے کی لاگت آئے گی۔ اس روڈ کی کشادگی عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جس کی وجہ سے یہاں ٹریفک جام روز کا معمول بن گیا ہے۔بڑھتی ہوئی ٹریفک اور عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے روڈ کشادگی کے اس منصوبے کے راستے میں آنے والی دکانیں اور مارکیٹس کو پیچھے کر کے روڈ کو کشادہ کیا جائے گا۔ اہلیان کوہاٹ کی جانب سے شہر کے اس اہم منصوبے کیلئے حکومت خیبرپختونخوا کی باقاعدہ طور پر منظوری کا خیر مقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل سے کوہاٹ میں ٹریفک کی روانی میں مدد ملے گی۔