محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس میں اجلاس

ڈیرہ اسماعیل خان، ڈپٹی کمشنر منصور ارشدکی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ز، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبد الرؤف بابر قیصرانی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرکے علاوہ پاک فوج کے افسران، محکمہ پولیس، صحت، تعلیم، واپڈا، ٹی ایم اے، ہسپتال ڈائریکٹرز ایم ٹی آئی مفتی محمود میموریل ہسپتال، ڈی ایچ کیو ہسپتال، سول ڈیفنس، ڈبلیو ایس ایس سی، ریسکیو1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ہدایات دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے ڈیوٹی اور فیلڈ سٹاف کی لسٹ شیئر کریں تاکہ بروقت پاسسز تیار کیے جا سکیں۔ ہسپتالوں میں ایمبولنسز اور ایمرجنسی سٹاف کی ماپ ایکسرسائز کرائی جائے تاکہ نہ صرف ورکنگ مشینری کو چیک کیا جا سکے بلکہ ایمرجنسی رسپانس کو بھی بہتر بنایا جا سکے۔اسی طرح ہسپتالوں میں ادویات اور فرسٹ ایڈ ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرز و دیگر عملے کے ڈیوٹی روسٹرز بھی شیئر کیے جائیں۔ ٹی ایم اے اور ڈبلیو ایس ایس سی کی جانب سے صفائی، نکاسی، جھاڑیوں اور راستوں کی صفائی اور لائٹس کا انتظام تیار رکھا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریسکیو1122 کی خدمات قابل ستائش ہیں لہذا 1122کی جانب سے ریسکیو آلات، ایمبولنسز، فائر بریگیڈ اور فائر فائٹنگ عملے کو تیار رکھا جائے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبد الرؤف بابر قیصرانی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ضلعی انتظامیہ اور محکمہ پولیس کی جانب سے دو الگ الگ کنٹرو ل رومز بنائے جائیں گے، تمام محکمے الرٹ رہیں اور شرپسند عناصر پرنظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک صورتحال کی اطلاع فوری فراہم کریں تاکہ بروقت کاروائی عمل میں لائی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی دشمن سازش کے تحت انتشار پھیلانے کا موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا لہذا ایسے عناصر سے متعلق بھی ہوشیار رہیں کیونکہ دشمن نہیں چاہتا کہ خطے میں ہم آہنگی، بھائی چارے اور اتحاد بین المسلمین کو فروغ ملے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ عید الاضحی کی چھٹیوں کے فوراً بعد پاسز کے اجراء کیلئے ڈیٹا فراہم کیا جائے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ 5جولائی تک تمام محکمے کنٹی جنسی پلان شیئر کریں تاکہ تمام تر انتظامات کو بروقت مکمل کیا جا سکے۔

مزید پڑھیں