کمشنر ہزارہ اورڈی آئی جی ہزارہ کی زیر صدارت عید الاضحی سیکیورٹی،دیگر اہم انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقدہوا۔

کمشنر ہزارہ ڈویژن عا مر سلطان ترین نے ہدایات جاری کر تے ہو ئے کہا کہ عید الاضحی پرہزارہ ڈویژن میں آ‘نے والے سیاحوں کو ہرممکنہ سہولیات دی جائیں، ٹریفک کی روانی بھی بہتر بنائی جائے، عید الاضحی پر بہترین حکمت عملی کے ساتھ مناسب انتظامات کو مکمل کیا جائے،امن و امان کی فضاء کو بہتر بنانے کیلئے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کریں،جی ڈی اے، کے ڈی اے، این ایچ اے، 1122ریسکیو اور دیگر تمام ادارے مل کر کام کریں، سیاحوں کو ہرممکنہ سہولیات دی جائیں۔
یہ ہدا یا ت انہوں نے کانفرنس ہال آر پی اوآفس میں عید سیکیورٹی و سیاحتی مقامات گلیات و کاغان میں آنے والے سیاحوں کیلئے ٹریفک و سیکیورٹی پلان کے حوالے سے منعقدہ اہم اجلاس کی صدا رت کر تے ہو ئے جا ری کیں۔اجلاس میں ڈی آئی جی ہزارہ ڈویژن طاہر ایوب خان، ڈی پی اوز و ڈی سیز ایبٹ آباد و مانسہرہ، جنرل منیجر نیشنل ہائی وے اتھارٹی، ڈی جی گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی و ڈی جی کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی، ایس ایس پی ٹریفک وارڈن ایبٹ آباد، اے سی ایبٹ آباد و اے سی بالاکوٹ اور ایس ڈی پی اوز گلیات و بالاکوٹ نے شرکت کی۔ ڈی پی اوز نے عید سیکیورٹی و ٹریفک پلان کے حوالے سے ڈی آئی جی ہزارہ و کمشنر ہزارہ کو تفصیلی بریفنگ پیش کی۔ کمشنر ہزارہ ڈویژن عامر سلطان ترین نے افسران کوہدایات دیتے ہوئے کہا عید الاضحی پر بہترین حکمت عملی کے ساتھ مناسب انتظامات مکمل کیے جائیں۔ عید کے ایام انتظامیہ اور پولیس کیلئے اہم ہیں بڑی تعداد میں سیاحوں کی آمد متوقع ہے سیاحوں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنا اور انکا تحفظ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے اس لئے تمام افسران عید الاضحی پر تمام تر وسائل کو بروے کار لائیں اور علاقہ میں امن و امان کی فضاء کو ہر ممکن قائم رکھا جائے اور سیاحت کو مزید فروغ دیا جائے۔عید الاضحی کی سیکیورٹی اور مویشی منڈیوں میں مناسب سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں اور عوام کو بھرپور جانی و مالی تحفظ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 بھی اس موقع پر متحرک رہے گی تاکہ خدا نخواستہ کسی سانحہ یا حادثہ کو بروقت رسپانس کیا جائے اور متاثرین کو جلد از جلد مدد فراہم کی جا سکے۔

مزید پڑھیں