شندور فیسٹیول کیلئے انتظامات کا جائزہ، مقامی و غیرملکی سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیرصدارت ضلع لوئر چترال اور ضلع اپر چترال کے مسائل اور شندور فیسٹیول کیلئے انتظامات کے حوالے سے اجلاس منگل کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا جس میں دونوں اضلاع میں گندم اور آٹے کی قیمتوں اور دستیابی، سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات، سڑکوں کی صورتحال، آبنوشی اور آبپاشی کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے متعلقہ حکام کو دونوں اضلاع کے مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔سیکرٹری سیاحت، سیکرٹری خوراک، ڈائریکٹر جنرل کلچر اینڈ ٹورزم اتھارٹی، ڈائریکٹر خوراک سمیت دونوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں عالمی اہمیت کے حامل تاریخی شندور پولو فیسٹیول کیلئے انتظامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔شندور فیسٹیول میں 7 جولائی سے 9 جولائی تک پولو کے مقابلے کھیلے جائیں گے جس کیلئے ملکی و غیرملکی سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ چیف سیکرٹری نے شندور فیسٹیول کیلئے آنے والے سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تاریخی میلے کے کامیاب انعقاد سے پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا کا مثبت پہلو اجاگر ہوگا۔

مزید پڑھیں