خیبر پختونخوا کے نگران وزیر ٹرانسپورٹ اور سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی شاہد خان خٹک نے کہا ہے کہ ہمارا مینڈیٹ صاف اور شفاف الیکشن کرانا اور عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے اقدامات کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ صحت، تعلیم ،لوکل گورنمنٹ، ذراعت ،واپڈا ،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بشمول دیگر محکموں میں موجود عوامی مسائل حل کر کے عوام کو ریلیف دے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امسال اے ڈی پی میں کوئی نئی سکیم شامل نہیں تا ہم جاری اور تکمیل کے مراحل میں شامل عوامی فلاح و بہبود کی سکیمیں جلد از جلد مکمل کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ادارے فرد واحد اور سابقہ پارٹیوں کے احکامات اور ہدایات کو چھوڑ کر صرف عوامی مسائل کے حل پر توجہ دےاور نگران حکومت کی طرف سے جاری احکامات پر عمل درآمد کرے۔ انہوں نے ان حیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر آفس نوشہرہ میں ضلع نوشہرہ کے تمام محکموں کے اعلی حکام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیر صنعت عدنان جلیل، وزیر مدنیات حاجی غفران شاہ وزیر پی این ڈی و پبلک ہیلتھ انجینیئرنگ حامد شاہ، معاونین خصوصی پیر ہارون شاہ، شیراز اکرم باچا۔ ملک مہر الہی، ہدایت اللہ آفریدی، ڈاکٹر ریاض انور اور مشیر خزانہ حمایت اللہ خان نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کبیر خان آفریدی نے وزراء ،معاون خصوصی اور دیگر مہمانوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نوشہرہ میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ اور تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کے حکام کو ہدایت ہے کہ عوامی مسائل خادم بن کر حل کرے، انہوں نے نگران صوبائی وزراء کے خصوصی توجہ پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وزیر ٹرانسپورٹ شاہد خان خٹک نے سرکاری محکموں کے افسران سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کے تعاون کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ نوشہرہ کے تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کا مقصد بھی یہی ہے کہ سب مل بیٹھ کر مسائل کے حل کے لیے لائحہ عمل تیار کرے۔