نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی معاون خصوصی برائے زکوٰۃ وعشر سماجی بہبود خصوصی تعلیم اور ترقی خواتین سلمیٰ بیگم نے ڈائریکٹوریٹ آف سوشل ویلفیئر برائے ضم اضلاع کے متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ ضم قبائلی اضلاع میں سماجی سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے اور مستحقین کی حقیقی معنوں میں خدمت کی جائے انہوں نے ضلع خیبر میں خواتین کونسلرز کی طرف سے ڈسٹرکٹ سوشل ویلفئیر آفیسر پر وہیل چئیرز اور سلائی مشینیں کی بااثر لوگوں میں تقسیم اور کرپشن کے الزامات پر متعلقہ افسران سے وضاحت طلب کرلی۔یہ ہدایت انہوں نے ڈائریکٹوریٹ سوشل ویلفیئر ضم اضلاع کی ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی اجلاس میں ڈائریکٹوریٹ کے افسران نے شرکت کی معاون خصوصی سلمیٰ بیگم نے ضم اضلاع میں محکمہ کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ضم اضلاع کی ڈائریکٹوریٹ کی قبائلی اضلاع اور فرنٹیئر ریجنز کی تین سالہ کارکردگی رپورٹ بھی طلب کی انہوں نے کہا کہ بندوبستی اضلاع کی نسبت ضم اضلاع میں سوشل ویلفیئر ڈائریکٹوریٹ کی کارکردگی تسلی بخش نہیں ہے کارکردگی میں بہتری لائی جائے مزید سست روی سے کام نہیں چلے گا انہوں نے کہا کہ آئندہ کیلیے تمام مستحقین کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیا جائے تاکہ محکمہ سوشل ویلفیئر سے بہت سے مستحقین مستفید ہوسکیں اور حقداران کو صحیح معنوں میں ان کا حق مل سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر معاشرے کے معاشی طور پر کمزور، ضرورتمندوں، بیواؤں، معذوروں کیلیے قیام کیاگیا ہے تمام افسران اپنی ڈیوٹی کو احسن طریقے سے نبھائیں۔