خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات، اوقاف، حج، مذہبی اور اقلیتی امور بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے منگل کے روز پشاور میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے دفاع اور ترجمان ملک احمد خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے۔ نگران صوبائی وزیر بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے نگران صوبائی حکومت کی کارکردگی اور ضم اضلاع میں جاری منصوبوں کے حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی کو آگاہ کیا۔ بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی حکومت صوبے کو درپیش مسائل کے حل میں مدد فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کے ذمے مختلف مدات میں صوبے کے واجبات کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے دفاع اور ترجمان ملک احمد خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی نگران صوبائی حکومت احسن طریقے سے فرائض انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا حکومت کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔