محکمہ اطلاعات کو درپیش مالی مشکلات حل کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ نگران صوبائی وزیر اطلاعات

خیبرپختونخوا کے نگران صوبائی وزیر اطلاعات، اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے محکمہ اطلاعات کو درپیش مالی مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاملہ نگران وزیراعلیٰ کے نوٹس میں لانے سمیت محکمہ خزانہ کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔ محکمہ اطلاعات کے تمام امور میں مزید شفافیت لائی جائے گی۔ افسران اور ملازمین محنت اور لگن سے فرائض سر انجام دیں۔ بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے ان خیالات کا اظہار نظامتِ اطلاعات کے اچانک دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل محکمہ اطلاعات بصیر علی رحمان، ڈائریکٹر تعلقات عامہ لیاقت امین، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن سلیم خان اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ نگران صوبائی وزیر نے محکمہ اطلاعات کے سیکریٹریٹ اور ڈائریکٹوریٹ کے مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا اور ریکارڈ اور مختلف دفتری امور کی انجام دہی کا جائزہ لیا۔ نگران صوبائی وزیر نے محکمہ اطلاعات کے صوبائی وزراء کے ساتھ تعینات پبلک ریلیشنز آفیسرز (پی آر اوز) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہیں نگران صوبائی حکومت کی کارکردگی اجاگر کرنے اور حکومت کے فلاحی اقدامات عوام تک پہنچانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر نگران صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ فنڈز کے عدم اجراء کی وجہ سے محکمہ اطلاعات کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے جس سے محکمانہ امور متاثر ہو رہے ہیں۔ اس پر بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے فوری ایکشن لینے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ یہ معاملہ نگران وزیراعلیٰ کے نوٹس میں لائیں گے جبکہ محکمہ خزانہ کے ساتھ بھی یہ معاملہ اٹھایا جائے گا۔ بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے نظامتِ اطلاعات کے اچانک دورے کے موقع پر دیگر افسران اور ملازمین سے بھی ملاقات کی اور ان سے درپیش مسائل کے حوالے سے دریافت کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ملازمین کو درپیش مسائل حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ نگران صوبائی وزیر نے افسران اور ملازمین سے کہا کہ وہ جانفشانی اور محنت سے کام کریں۔ محکمہ اطلاعات میں میرٹ پر ٹرانسفر اور پوسٹنگز کی گئی ہیں جبکہ محکمہ کے تمام امور میں مزید میرٹ اور شفافیت لائی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں