پختونخوا ریڈیو اور وی ایکٹ تھیٹر نے ڈینگی بچاؤ مہم کے لئے معاہدہ کیا: روزانہ چار مرتبہ پیغامات نشر ہوں گے۔

پختونخوا ریڈیو اور وی ایٹ تھیٹر کے مابین مفاہمتی معاہدہ ہوا جس کے تحت پختونخوا ریڈیو ایف ایم 92.2 پر ڈینگی کی مہم چلائی جائے گی اور دن رات کے مختلف اوقات میں روزانہ چار مرتبہ ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اور پیغامات نشر کئے جائیں گے کیونکہ موسم برسات کی آمد کے ساتھ ڈینگی خطرناک شکل اختیار کر سکتی ہے۔ خیبرپختونخوا ریڈیو براڈکاسٹرز فورم کے صدر اور وی ایکٹ تھیٹر گروپ و ایڈورٹائزنگ ایجنسی کے مینیجنگ ڈائریکٹر خائستہ رحمان نے اس ضمن میں پختونخوا ریڈیو پشاور کے سٹیشن ڈائریکٹر غلام حسین غازی سے ملاقات کی اور خیبرپختونخوا میں ڈینگی وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کی خصوصی ریڈیو مہم کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کئے۔ خیبر پختونخوا ریڈیو براڈ کاسٹرز فورم کے صدر نے اس بات پر اظہار مسرت کیا کہ غلام حسین غازی کی سربراہی میں پختونخوا ریڈیو مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہے جبکہ ایڈورٹائزنگ اور ریونیو جنریشن کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں بھی انکی بدولت ختم ہو گئی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان شاء اللہ مستقبل میں بھی انہیں مزید تشہیری مہمات دینگے تاکہ ریڈیو پختونخوا عوامی تفریح اور معلومات و آگاہی کے ساتھ ساتھ صوبائی خزانے کو مالی فوائد پہنچانے کا ذریعہ بھی بنے۔

مزید پڑھیں