نگران وزیر اطلاعات، اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور خیبرپختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا کہ محرم الحرام امن اور بھائی چارے کے ساتھ گزرے گا اور کسی قسم کی شرانگیزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ صوبے کے چودہ اضلاع میں محرم کے جلوسوں اور مجالس کی سیکورٹی کے لیے 8 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چترال میں سیلاب کی وجہ سے 11 افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور حکومت نے متاثرہ اضلاع کے لیے فوری 60 ملین روپے جاری کیے ہیں۔ وزیراعلی کی ہدایت پر محکمہ اطلاعات، سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والوں کی نشاندہی کر رہا ہے۔ بیرسٹر فیروز جمال کاکاخیل نے کہا کہ 8,9,10 محرم کو مجالس اور جلوسوں کے مقامات پر بجلی کی لوڈشڈنگ نہیں ہوگی۔ انہوں نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا زکر کیا اور بتایا کہ صوبائی حکومت نے ان متاثرہ علاقوں کی ریلیف اور ریسکیو کے لیے ضروری اقدامات کیے ہیں۔ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری نے چترال کا دورہ کیا اور متاثرہ علاقوں کی خدمات کے لئے ضروری اقدامات کا حکم دیا۔