خیبرپختونخوا کے نگراں صوبائی وزیر الحاج تاج محمد آفریدی نے کہا ہے کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی عطیہ کردہ جدید سہولیات سے آراستہ موٹر بائیک ایمبولینسز کی بدولت ناگہانی صورتحال میں فوری طبی امداد اور ریسکیو امور کی انجام دہی میں آسانی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز ریسکیو 1122 کے ہیڈ آفس پشاور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے محکمہ ریلیف بحالی و آبادکاری خیبرپختونخوا کو 2 منی ایمبولینس گاڑیاں اور 15 موٹر بائیک ایمبولینسز عطیہ کی گئیں۔ تقریب میں ڈبلیو ایچ او کے صوبائی چیف ڈاکٹر پالیتھا مہیپالا، سیکرٹری محکمہ ریلیف و دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔ اس موقع پر ڈبلیو ایچ او کے صوبائی چیف ڈاکٹر پالیتھا مہیپالا نے نگراں صوبائی وزیرِ ریلیف بحالی و آبادکاری وزیر تاج محمد آفریدی کو ایمبولینس گاڑیوں و موٹر بائیک ایمبولینسز کی چابیاں پیش کیں۔ نگراں صوبائی وزیر نے صوبائی حکومت کو مذکورہ ایمبولینس گاڑیاں اور موٹر بائیک عطیہ کرنے پر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جدید سہولیات سے آراستہ مذکورہ موٹر بائیک ایمبولینسز کی مدد سے ناگہانی صورتحال میں فوری طبی امداد اور ریسکیو امور کی انجام دہی میں آسانی ہوگی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری محکمہ ریلیف عبدالباسط کا کہنا تھا کہ عطیہ شدہ ایمبولینس گاڑیاں و موٹر بائیکس ایمرجنسی حالات میں استعمال ہونگی۔اس اقدام سے صوبے میں پہلی دفعہ ایمرجنسی صورتحال کیلئے موٹر بائیک ایمبولینسزاستعمال ہوسکے گی۔ موٹر بائیک ایمبولینسیز طبی امداد کی فراہمی کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہے، خاص طور پر ایسے علاقوں میں جہاں رسائی محدود ہوتی ہے۔