خیبرپختونخوا کے سیکرٹری ہیلتھ محمود اسلم وزیر نے ڈینگی کی روک تھام کو صوبے کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے یہ بتایا کہ اس کا خاتمہ مشن کے طور پر کیا جائے گا۔ انہوں نے ہائی رسک اضلاع میں ڈینگی کے خلاف بچاؤ کی کوششوں کا جائزہ لیا اور ضلعی ہیلتھ آفیسران کو ہدایت جاری کی کہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ڈینگی لاروا کا خاتمہ کریں۔ اس موقع پر محکمہ صحت کے اہم افسران بھی موجود تھے، جن میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر شوکت علی، ڈینگی فوکل پرسن ڈاکٹر اکرام اللہ خان، ڈینگی پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمد قاسم ارفریدی، اور پشاور، ہری پور، مردان، نوشہرہ کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران شامل تھے۔ محمود اسلم وزیر نے کہا کہ اگر کسی بھی ضلع میں ڈینگی کی روک تھام کے لئے مناسب انتظامات نہ ہوئے تو ذمہ داری ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسران کی ہونگے۔ اس میٹنگ میں سیکرٹری ہیلتھ نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو مؤثر طریقے سے روکا جا سکے۔ جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر شوکت علی نے ہدایت کی کہ وہ ہر گھر کا دورہ کریں، اور ڈینگی بخار کے بارے میں آگاہی پیدا کریں۔ خیبرپختونخوا میں اب تک کل 42 کیسز ڈینگی بخار کی تصدیق ہو چکی ہیں۔