پولیس شہداء کی فلاح وبہبود کا خیال رکھنا ہم سب کا فرض ہے۔ خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات

خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات، اوقاف، حج، مذہبی اور اقلیتی امور بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا ہے کہ صوبے میں امن کے قیام میں پولیس کا کردار اہم ہے۔ پولیس شہداء ہماری تاریخ کا اہم جزو ہیں اور شہداء کے لواحقین کی دیکھ بھال و فلاح و بہبود حکومت سمیت ہم سب کا فرض ہے۔ بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے ان خیالات کا اظہار یوم شہداء پولیس کے موقع پر پشاور میں منعقدہ تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نگران صوبائی وزیر نے شہداء کے بچوں سے خصوصی ملاقات کی اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔ بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا کہ ہم اپنے عظیم شہداء کو خراج تحسین اور ان کے لواحقین کے حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت شہداء کے لواحقین اور بچوں کا ہر ممکن خیال رکھ رہی ہے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے شہداء کے لیے خصوصی گرانٹ رکھی گئی ہے۔ اسی طرح پولیس کی فلاح و بہبود کے لیے متنوع اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ خیبر پختونخوا حکومت شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔

مزید پڑھیں