صوبائی نگراں وزیر برائے سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ اوراطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہاکہ سیاحوں کیلئے خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات کی سیروتفریح کیلئے ٹوور پیکیجز کا آغاز کیا ہے جس میں پشاور سٹی ٹوور، خانپورڈیم اور تخت بھائی آثارقدیمہ کے مقامات شامل ہیں۔جبکہ ان کو بعد میں توسیع دیکر نئے مقامات کو بھی شامل کرینگے۔ ان نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ یہاں لائن آرڈر کے حالات کو مزید بہتر کیا جائے گا، سیاح صوبہ کے سیاحتی مقامات کا رخ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے تحت فیملیز اور خواتین کیلئے ٹورپیکیجز کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ افتتاحی تقریب کے موقع پرخیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل برکت اللہ مروت،کمانڈنٹ ٹورازم پولیس سید امتیاز شاہ،جنرل منیجر پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ سیدحیات علی شاہ، جنرل منیجر کلچراینڈٹورازم سجاد حمید اوردیگر شخصیات موجود تھیں۔ صوبائی نگراں وزیر بریسٹر فروز جمال شاہ کاکا خیل نے کہا کہ ان ٹوورز میں سیاحوں کو صوبہ کے مشہور سیاحتی مقامات سمیت پشاور شہر کے تاریخی مقامات کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پشاورشہر کے سفری دورے میں سیٹھی ہاؤس، نمک منڈی، میوزیم، گورگٹھڑی اور دیگر مشہور مقامات کے دورے شامل ہوں گے۔ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے سیاحت کو فروغ دینے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حکومت زائرین کو تمام ضروری مدد اور تعاون فراہم کریگی۔ حکومت صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے بھی کام کر رہی ہے جس سے غیر ملکی سیاحوں کو راغب کرنے میں بھی مدد ملے گی۔نگراں صوبائی وزیر نے اعلان کیا کہ آج بروز جمعہ سے نابینا بچوں کے لیے نتھیا گلی کا دورہ شروع ہو گا اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا میں سیاحت کو فروغ دینے اور دنیا کے سامنے اس کے سافٹ امیج اور قدرتی حسن کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہا ہے۔ٹورازم اتھارٹی نے مختلف تفریحی تقریبات کا بھی اہتمام کیا ہے، جن میں خانپور جھیل پر زائرین کے لیے پیرا گلائیڈنگ، بوٹنگ اور جیٹ سکینگ شامل ہیں۔اس کے علاوہ صوبے کے دلکش مقامات کی سیر بھی شامل ہوگی۔انہوں نے سیاحت کے فروغ اور زائرین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کے پی ٹورازم اتھارٹی کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ خیبر پختونخوا کے لوگوں کی مہمان نوازی دنیا بھر میں مشہور ہے۔ٹورپیکیجزمیں سٹی ٹورپشاور شامل ہے۔تقریب کے آخر میں ڈی جی ٹورازم اتھارٹی اور سٹاف کی جانب سے نگران صوبائی وزیرکو خیبرپختونخواکلچراینڈٹورازم اتھارٹی کی جانب سے صوبہ میں سیاحت و ثقافت کے فروغ کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور مستقبل کے بارے میں پلائننگ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔