نگراں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر ڈاکٹر سید سر فراز علی شاہ نے کہا ہے کہ کرونا کی وباء نے عالمی سطح پر ایک مضبوط و منظم ڈیجیٹل انفراسٹرکچر قیام کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے، تیز تر روابط، بہتر استعداد کار اور نئے چیلنجوں سے ہم آہنگ ہونے کیلئے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن لازمی ہے۔ان خیالات کا اظہار نگراں صوبائی مشیر برائے معدنیات و معدنی ترقی، منصوبہ سازی و ترقی اور توانائی و برقیات ڈاکٹر سید سر فراز علی شاہ نے گزشتہ روز خیبرپختونخوا ریونیو موبلائزشن اینڈ پبلک ریسورس مینجمنٹ کے پی ڈی فیصل شہزاد سے ان کے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کے دوران کیا۔ سینئر منیجر ای وائی نسیم ثانی اور پروگرام منیجر نیٹ سول زاہد مشتاق بھی ملاقات میں شریک تھے۔ اس موقع پر نگراں صوبائی مشیر کو خیبرپختونخوا میں ای گورننس اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی مد میں اٹھائے گئے اقدامات، جاری منصوبوں، درپیش چیلنجز اور تجاویز کے بارے میں تفصیلی بریفننگ دی گئی۔نگراں مشیر ڈاکٹر سید سر فراز علی شاہ نے اداروں میں اصلاحات اور ڈیجیٹائز یشن کے امور میں دلچسپی ظاہر کی اور کہا کہ اس سے تیز تر سروس کی فراہمی یقینی ہوگی۔ نگراں مشیر نے ای گورننس اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی مد میں اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کا قیام یقینی بنانے اور نوجوانوں کو ڈیجیٹل سکلز سیکھانے پر بھی زور دیا۔