خیبرپختونخوا نگران وزیر اطلاعات،ثقافت سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے حضرت کاکاصاحب ‘المعروف شیخ رحمکار صاحب’ کے دربار میں منعقدہ محفل عید میلادالنبیؐ کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ اس سے بڑا اعزاز کوئی نہیں کہ ہم خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ کے امتی ہیں اور ہم پر یہ اللہ تعالیٰ کا سب سے بڑا انعام ہے، اس برکت اور احسان کے ساتھ ہم پر کچھ فرائض بھی عائد ہوتے ہیں، کہ ہم فہم القرآن و حدیث مبارکہ، خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ کے احکامات، اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول پاک ﷺ کی رضا کے مطابق زندگیاں گزاریں۔انہوں نے کہا کہ آج ہم یہاں حضرت کاکا صاحب کے دربار میں جمع ہوئے ہیں، ان بزرگانِ دین کی تعلیمات و شعور پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے، اللہ تعالیٰ ہمیں توفیق دے کہ ہم ان بزرگوں کی راہ پر چلیں، انہوں نے کہا کلمہ شہادت لاالہ اللہ محمد رسول اللہ ہمارے دین کی بنیاد ہے، حضرت کاکاصاحب کی زندگی اور تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اللہ تعالیٰ کے وہ درویش ہیں جنہوں نے ترک دنیا کی اور دنیا کی لالچ نہیں کی، یہ وہ عاجز اور فقیر لوگ ہیں کہ انہوں نے صرف اللہ اور رسول ﷺ کی رضا اور قرآن کا فہم چنا، یہی وجہ ہے کہ لوگ یہاں سلام کرنے آتے ہیں اور آتے رہیں گے، انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے بادشاہ اس دنیا میں گزرے ہیں لیکن لوگ سلام پیش کرنے ان بزرگانِ دین کے پاس آتے ہیں، اور یہی اللہ تعالیٰ کی طرف سے گواہی بھی ہے کہ یہ میرے پسندیدہ لوگ ہیں اور انہوں نے میری راہ میں تمام عمر صرف کی۔نگران صوبائی وزیر بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے اس سے پہلے حضرت کاکاصاحب کے دربار پر حاضری دی، فاتحہ پڑھی اور دعا کی، بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے اپنے والد حضرت میاں جمال شاہ کاکاخیل مرحوم و دیگر مرحومین کے مزاروں پر بھی حاضر ہوئے اور ایصال ثواب کے لئے دعا کی۔